سہارنپور (احمد رضا): ایمان وعقیدے کی مضبوطی اور دنیا وآخرت کی کامیابی کیلئے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام پیش کرنا اللہ رب العزت کے نزدیک سب سے محبوب ترین عمل ہے یہی وجہ ہے کہ اس نیک صالح اور عظیم الشان عمل کی ترویج و اشاعت میں عالمی تنظیم رضا اکیڈمی مصروف اور سرگرم عمل ہے رضا اکیڈمی کے بانی و سربراہ محافظ ناموس رسالت اسیر مفتئ اعظم الحاج محمد سعید نوری صاحب حسب روایات 20/اپریل کو عیسوی کیلنڈر کے مطابق ہمیشہ سے ہی یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو عالمی یوم درود پاک کے طور پر منانے کا اہتمامِ کرتے آرہے ہیں!
عالم دین ظفر الدین رضوی نے پریس کو جاری ایک خاص پیغام میں بتایا ہے کہ رضا اکیڈمی کے سربراہ حضرت الحاج محمد سعید نوری صاحب سے ورلڈ درود ڈے منانے کی بابت بات کی گئی تو آپ نے بتایا کہ تاجدار اہلسنت مجدد دین و ملت امام عشق و محبت امام احمد رضا قادری فاضلِ بریلوی علیہ الرحمۃ والرضوان نے فتاویٰ رضویہ شریف میں سرکار دوعالم ﷺ کے یوم ولادت باسعادت کو عیسوی کیلنڈر کے مطابق بیس اپریل 571عیسوی کو عربی کی بارہ ربیع الاول کی تاریخ سے منسوب کیا۔لہٰذا ہر سال ہم اس تاریخ کو عالمی یوم درود پاک تقریباً چھ سال سے متواتر مناتے آرہے ہیں اور عاشقان رسولﷺ سے گزارش بھی کرتے ہیں کہ ہر سال بیس اپریل کو خوب دھوم دھام سے درود پاک کی محفلیں سجائیں۔نوری صاحب نے مزید کہا کہ دنیا بھر سے عاشقان رسول ﷺ ہماری اس پہل کی سراہنا بھی کررہے ہیں عالمی یوم درودوسلام نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک واضح پیغام دیا کہ یوم درود پاک منانے سے مسلمانوں کے اندر خوداعتمادی اور نیا ولولہ اور جوش و جنون پیدا ہوتا ہے۔یہی وہ عمل ہے جس سے سارے مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرویا جاسکتا ہے۔
نوری صاحب نے یہ بھی بتایا کہ بے شمار خانقاہوں کے سجادگان اور بڑے بڑے اداروں کے شیوخ حضرات ہمارے اس نیک عمل کی ستائش کررہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ویسے تو درود پاک پڑھنے کیلئے نہ تو کسی دن کی قید ہے نہ ہی تاریخ کی عاشق رسول ﷺ جب چاہے تب اپنے آقا صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پاک پڑھ سکتا ہے۔مگر کچھ تاریخیں ایسی ہوتی ہیں جو ہمارے لئے بہت ہی اہم ہوتی ہیں انہیں تاریخوں میں سب سے اہم تاریخ پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی تاریخ ولادت باسعادت ۱۲ربیع الاول شریف ہے۔جو ہم مسلمانوں کے لئے نہایت اہم تاریخ ہے۔یہی وہ تاریخ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنی سب سے عظیم نعمت کو اس خاکدان گیتی پر مبعوث فرمایا ہے۔
پیارے آقا ﷺ کی ولادت باسعادت سارے جہان کے لئے رحمت ہے۔یہ بھی یاد رہے کہ سرکار دوعالم ﷺ کا یوم ولادت باسعادت ہم غلاموں کے نزدیک سب سے اہم ہے یہ بھی بتاتے چلیں کہ یوم ولادت رسول ﷺ کی ہجری تاریخ بارہ ربیع الاول شریف اور عیسوی تاریخ بیس اپریل ہے۔اس لئے ہم بارہ ربیع الاول اور بیس اپریل دونوں تاریخوں کو سب سے اہم تاریخ مانتے ہیں۔اسی لئے ہم بارہ ربیع الاول کو جلوس عید میلادالنبی ﷺ اور اپنے گھروں اور دوکانوں،گلیوں محلوں،مسجدوں،مدرسوں،خانقاہوں، مذہبی اداروں میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کا انعقاد کرتے ہیں۔بیس اپریل کو اگرچہ جلوس نہیں نکالتے مگر اس تاریخ میں درود پاک کی محفلوں کا اہتمام زوروشور سے کرتے ہیں ۔غلامان رسول ﷺ بارگاہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم میں درود پاک کا نذرانہ پیش کرکے اپنی دُنیوی واخروی زندگی میں نکھار پیدا کرتے ہیں۔
اس سلسلے میں ہم نے جب مخیر قوم و ملت جناب الحاج محمد محمد عارف رضوی سیکریٹری رضااکیڈمی ممبئی سے دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم محافظ ناموس رسالت اسیر مفتئ اعظم الحاج محمد سعید نوری بانی و سربراہ رضا اکیڈمی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے ہم غلامان رسول ﷺ کی توجہ بیس اپریل کو عالمی یوم درود وسلام کی جانب مبذول کرائی ہم ان کے لئے عمر خضری کی دعائیں کرتے ہیں اور مسلمانوں سے گزارش کرتے ہیں کہ بیس اپریل کو عالمی یوم درود خوب جوش خروش کے ساتھ منائیں راقم الحروف نے عالمی یوم درود کے حوالے سے شہزادۂ سعید ملت جناب امن میاں سے بات کی تو انہوں نے اپنی خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے عاشقان رسول ﷺ دفتر رضااکیڈمی میں بڑی تیزی سے درود پاک پڑھ پڑھ کر اپنی اپنی طرف سے درود پاک پڑھنے کی تعداد ارسال کررہے ہیں ان شاءاللہ درود پاک پڑھنے کی مکمل تعداد مدینہ شریف سرکار کی بارگاہ میں بھیجی جائے گی وہاں پر ہمارے ایک ہردلعزیز کرم فرما موجود ہیں ان کے حوالے موصول درود پاک کی تعداد پیش کی جائیگی وہ آقا ﷺ کی بارگاہ میں پیش کریں گے۔
مبلغ تحریک درود و سلام مولانا محمد عباس رضوی صدر آل انڈیا مساجد کونسل نے کہا کہ الحمدللہ رضااکیڈمی کے دفتر میں ہر سال کی طرح اس سال بھی درود و سلام پڑھنے کی تعداد پیش کرنے کا سلسلہ جاری وساری ہے۔ایک اہم بات قارئین کی نذر ہے کہ جس وقت اسیر مفتئ اعظم الحاج محمد سعید نوری صاحب کی نظر فتاویٰ رضویہ کے صفحے پر پڑی جس پر بیس اپریل سرکار دوعالم ﷺ کے یوم ولادت باسعادت سے منسوب ہے فوراً آپ نے اس تاریخ کو عالمی یوم درود پاک کے طور پر منانے کی تیاریاں شروع کردیں آج الحمدللہ اس نیک عمل کی ستائش دنیا کے گوشے گوشے سے ہورہی ہے جس میں بڑے بڑے علماء مشائخ شامل ہیں مضمون کی طوالت کے خوف سے ابھی ان کے اسمائے گرامی شامل تحریر نہیں کئے جاتے ان شاءاللہ ان کے اسمائے گرامی آئندہ مضمون میں شامل کئے جائیں گے۔
تمام عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے یہی کہنا ہے کہ ہر سال 20/ اپریل کو عالمی یوم درود پاک منانے کی عادت ڈالیں یہی عادت دنیا و آخرت میں سرخرو کرے گی۔کیونکہ درود شریف کا ورد ایمان و عقیدہ کی سلامتی کا ضامن ہے۔ ایک مرتبہ درود پاک پڑھنے پر اللہ رب العزت کی دس رحمتیں نازل ہوتی ہیں ایک مرتبہ درود پاک پڑھنے پر دس گناہ معاف ہوتے ہیں۔ اور دس درجات بلند کئے جاتے ہیں۔ قیامت کے دن اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے سب سے زیادہ قریب وہی ہوگا جو سب سے زیادہ دنیا میں نبی پر درود بھیجے گا۔درود پاک پڑھنے سے طمانیت قلب اور روحانی کیفیت حاصل ہوتی ہے۔درود پاک پڑھنے سے دنیا میں عزت و عظمت ملتی ہےاور آخرت میں بلند مراتب حاصل ہوتے ہیں درود پاک رضائے الٰہی کا ذریعہ ہے درود پاک فکروپریشانی دور کرنے کا ہتھیار ہے درود شریف پڑھنے سے قرب الٰہی حاصل ہوتا ہے۔
سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے عشق و محبت میں دیوانوں کا یہی حال ہوتا ہے کہ شب و روز اپنے آقا کی یاد میں مصروف و مشغول رہتے ہیں اور ان کے لبوں پر صل علیٰ کا عظیم ترانہ ہوتا ہے۔ دیوانوں کی یہی پہچان ہیےکہ وہ اپنے نبی کی بارگاہ میں درود و سلام کی ڈالیاں پیش کرتے رہتے ہیں۔پیارے آقاﷺ کی محبت میں جو مسلمان زندگی گزارتا ہے اس کیلئے دنیا ہی میں جنت کی بشارت دے دی جاتی ہے درود شریف کا ورد کرنے والا کبھی محتاج نہیں ہوتا ہے۔
درود پاک دعاؤں کے قبولیت کا ذریعہ ہے درود پاک پڑھنے سے مسلمان آفتوں،بلاؤں،مصیبتوں، بیماریوں سے محفوظ ہوتاہے جس دعاء میں درود پاک شامل نہ ہو وہ دعاء قبول نہیں ہوتی درود پاک مشکلات سے نجات،رزق میں فراخی، مہمات میں آسانی کا ذریعہ ہے۔عزت و عظمت،وقار،رعب ودبدبہ،دولت و شہرت غرض کہ ہر میدان میں کامیابی و بلندی درود پاک سے ملتی ہے بُھکمری،محتاجگی درود پاک کی کثرت سے دورہوتی ہے۔ گویا کہ زندگی کے ہر شعبہ میں درود و سلام کا ورد کامیابی کا ضامن ہے۔
اخیر میں حضرت سعید ملت الحاج محمد سعید نوری صاحب کا پیغام مسلم ممالک کے سربراہان تک پہونچانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ وہ 20/ اپریل کو حکومتی سطح پر عالمی یوم درود کا اعلان کریں تاکہ اس تاریخ کو دنیا بھر کے مسلمان ورلڈ درود ڈے باوقار انداز میں منانے میں مہینوں پہلے تیاریوں میں مصروف ہوسکیں!
