بھٹ پوروہ مرزاپور تلک میں منعقد جلسہ سیرت النبی میں علماء کا معاشرہ سے برائیوں کے خاتمے پر زور
بھٹ پوروہ، نواب گنج، بہرائچ (محمد رضوان ندوی):
نوجوان کمیٹی مرزا پور تلک کے زیر اہتمام بھت پوروہ میں مولانا منیر احمد ندوی مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن سمریاواں سنت کبیر نگر کی صدارت اور مولانا مسیح الدین قاسمی کی نظامت میں جلسہ سیرت النبی و اصلاح معاشرہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر اجلاس مولانا منیر احمد ندوی سمیت مولانا امین مکریاوی، مولانا سلیم احمد قاسمی، مفتی صہیب قاسمی کے خصوصی خطاب میں معاشرے کی بیماریوں کا جائزہ لیا گیا، پھیلنے کے اسباب تلاش کئے گئے اور علاج کا طریقہ اور نسخہ بتایا گیا، نظم و نعت کا نذرانہ حافظ اشفاق رسیاوی، مولانا امانت اللہ قاسمی، شکیل بہرائچی اور مولانا مقصود قاسمی نے پیش کیا، جلسہ کا آغاز سات سالہ امۃ الرحمن متعلمہ کے این پبلک اسکول نانپارہ کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا.
مولانا امین مکریاوی نے کہا کہ نبی کی سیرت سب سے بہترین اسوہ ہے، معاشرہ کی اصلاح نبی کی طرز زندگی اور نمونہ بندگی کے بغیر ناممکن ہے، مولانا سلیم احمد قاسمی نے کہا کہ انسانی زندگی کی سلامتی زبان کی حفاظت میں ہے ، دو ہی چیزیں ہیں جن سے معاشرے میں برائیاں پنپتی ہیں، زبان یا شرم گاہ، دونوں کی حفاظت ہوجائے تو معاشرہ ہر طرح کے فتنے سے پاک ہوجائے گا، مولانا منیر احمد ندوی نے کہا کہ تعلیم کی کمی سے اندھیرا پھیلتا ہے، شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں اور ظلم و زیادتی اور نا انصافی سے بگاڑ پیدا ہوتا ہے، سب سے پہلی وحی سب سے کارگر علاج ہے، مفتی صہیب قاسمی نے کہا کہ حقوق کی ادائیگی سے زندگی کے سارے نشیب و فراز ہموار ہوجاتے ہیں اس لئے کوشش کرنی چاہئے کہ حق تلفی نہ ہو اور سب کی ضروریات وقت پر پوری ہو جائیں، جلسہ کا اختتام مولانا امین مکریاوی کی دعاؤں پر ہوا، کنوینر اجلاس قاری نیاز احمد نے تمام شریک مہمانان اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا.
اس موقع پر مولانا رئیس احمد ندوی، مولانا عبدالمنان قاسمی راجہ پور،مولانا محمد رضوان ندوی، مفتی عبداللہ قاسمی منوریا، حافظ محمد النعمان، حافظ غیاث الدین مٹیرا، حافظ صلاح الدین نواب گنج،فعال سینئر رپورٹر جنید احمد، مولانا اسلم، مولانا اسحاق مرزا پور وغیرہ خاص طور پر شریک رہے.
