ندوۃ العلماء میں مولانا محمد خالد ندوی غازیپوری کی کتاب ( امیر المؤمنین فی الحدیث اور صحیح بخاری کی خصوصیات ) کی رسم اجراء

لکھنؤ: امام بخاری کی شخصیت فن حدیث میں ایک نمایاں شخصیت ہے ، انہوں نے حدیث رسول ﷺ کو جمع کر نے میں جس تحقیق و تدقیق اور تلاش و جستجو کو ملحوظ رکھا ،وہ تاریخ کے زریں اوراق پر ثبت ہے ، ان کی مرتب کردہ کتاب صحیح بخاری قرآن کریم کے بعد صحیح ترین کتاب ہے ، اللہ تعالی نے ان کے اخلاص اور محنت سے اس کو مقبولیت عطا فرمائی، ان خیالات کاا ظہار مہتمم دار العلوم ندوۃ العلماء مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی نے استاذ حدیث و عمید کلیۃالدعوۃ والاعلام مولانا محمد خالد ندوی غازیپوری کی کتاب( سید المحدثین امیر المؤمنین فی الحدیث اور صحیح بخاری کی خصوصیات) کی ندوۃ العلماء میں رسم اجراء کرتے ہوئے کیا ، مولانا نے کہا: مولانا محمد خالد ندوی غازیپوری صحیح بخاری کا درس ایک زمانہ سے دے رہے ہیں ، انہوں نے اس درمیان صحیح بخاری کی خصوصیات پر ایک جامع کتاب تصنیف کی ہے ، جو اختصار اور جامعیت کا نمونہ ہے ۔
ناظم ندوۃ العلماء مولانا سید بلال عبد الحی حسنی ندوی نے کہا : امام بخاری کی مقبولیت میں ان کی ذہانت ، قوت حافظہ ، محنت شاقہ کے ساتھ ان کا تقوی ، دیانت داری ، خشیت الہی اور اخلاص وللہیت کو بڑا دخل ہے ، امام بخاری کی تصنیفات بیس سے زائد ہیں ، لیکن صحیح بخاری کی وجہ سے امام بخاری مقبول خاص و عام ہوئے ، مصنف کتاب نے متنوع مواد کو یکجا کر کے اہم کتاب تیار کی ہے ۔
مصنف کتاب نے کتاب کا تعارف ان الفاظ میں کرایا ہے : پیش نظر کتاب سید المحدثین امیر المؤمنین فی الحدیث اور صحیح بخاری کی خصوصیات پر مشتمل ایک مختصر جائزہ ہے ، جس میں اس فن پر کام کر نے والے متقدمین و متأخرین کی رشحات قلم کا عطر کشید کر کے پیش کر نے کی کوشش کی گئی ہے ، اور اردو زبان میں اس کو پیش کرنے کا مقصد یہ ہے کہ خاص طور پر طلباء اس سے استفادہ کریں گے ، اور اس فن کے مبتدی اساتذہ کے لئے بھی ایک خاصہ کی چیز ہو گی ۔
واضح رہے کہ یہ کتاب ۲۶۸؍صفحات پر مشتمل ہے ، اور تین مرکزی ابواب پر مشتمل ہے : (۱) سیرت امام بخاری (۲) خصوصیات وامتیازات (۳) تخریجات مع تدریبات ، یہ کتاب مرشد الأمت حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کے مقدمہ سے مزین ہے اور مولانا ڈاکٹر تقی الدین ندوی مظاھری ( معتمد تعلیم ندوۃ العلماء )کاپیش لفظ ، مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی کی تقریظ اور مولانا سید بلا ل عبد الحی حسنی ندوی کے تأثرات بھی اس کتاب پر ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے