محمدیوسف رحیم بیدری ، بیدر، کرناٹک

۱۔ ہوامیں مگن
ہوازوروں پر تھی ، دو دن سے ہواکازور تھا۔ تیسرے دن ہوا کازوراچانک ختم گیا۔تو لوگوں نے سکھ کاسانس لیا۔ ایک بزرگ نے کہا’’ہواکسی کی نہیںہوتی ،چلنے کے بعدرکنا اور اپنے حامی کوزمین پرلاکر غائب ہوجانا ہوا کی صفت ہوتی ہے ، لہٰذا اپنی ہوا پر نہ اِتراؤ‘‘
کون بزرگ کی سنتاہے ؟ سب اپنی اپنی ہوا میں مگن ہیں۔

۲۔سانپ کے دشمن
اس کے پیرومرشد نے کہاتھا’’سانپ کی طرح کسی بھی بل میں رہ کر اپناگزار اکیاکر، گھر بنانے سے تیرا آزاد رہنا ضروری ہے‘‘ نتیجہ یہ ہواکہ ساری عمرزید نے اپنا گھربنانے پرتوجہ نہیں دی ۔ یہاں وہاں رہ کر زندگی کے اچھے برے دن گزار دئے۔ پیرومرشد کاوصال ہوئے چھ ماہ سے زائد کاعرصہ گزرا۔ان کی یاد اسے بہت زیادہ آتی ہے۔ زید دراصل ان سے اپناتجربہ شیئر کرتے ہوئے کہناچاہتاہے کہ حضرت!میں نے تو سانپ کی طرح کسی نہ کسی بل میں رہ کر زندگی گزارد ی اور ہمیشہ اِن بلوں کو چھوڑکر اس دنیا سے اٹھ جانے کے لئے تیار رہالیکن آپ کے دنیا سے پردہ فرمانے کے بعد دیکھ رہاہوں کہ
پوری دنیا رب ِ کائنات کے اس جہاں میں ہنسی خوشی رہ رہی ہے مگراس دنیا کوچھوڑ کر پروردگار کے ہاں جانے کے لئے کسی طرح تیار نہیں ہے۔ ذہن میں بات آتی ہی نہیں ہے کہ اس دنیا کے ان ائرکنڈیشنڈ ، عالی شان و عظیم الشان عمارت نمابلوں کوچھوڑ کررب کے حضور حاضر ہوناہے۔ میراسوال یہ ہے کہ اِن بھائیوں پر یہ غفلت کس نے طاری کررکھی ہے ؟ اور اگر یہاں سے جانے کے لئے میں تیاربیٹھا ہوں تو وہ کیوں کر؟
زیدنے ایک ٹھنڈی سانس لی اور خود کلامی کے انداز میں کہا’’ آج کی شب اگرخواب میں پیرومرشد سے ملاقات ہوئی تو خود کو نیک نصیب سمجھوں گااور میراسوال حضرت سے یہی رہے گا‘‘

۳۔ یادِ خدا
70سالہ محمد حنیف کوخیال آیاکہ روزانہ بیت الخلاء جانے کاقصہ تمام ہونا چاہیے۔ ان کے اندر سے کسی نے ہنستے ہوئے کہا’’کھانابند کروگے تب ہی یہ قصہ تمام ہوسکتاہے ورنہ نہیں ‘‘
محمد حنیف صاحب کچھ نہیں کھاتے۔ پانی بھی کم سے کم پینے لگے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ زندگی کے تمام پل یادِ خدا میں گزر جائیں۔

۴۔اتنی ہمت
مجھے دشمنی راس نہ آئی اور وہ ساری دنیا سے پنگالے چکاہے۔ ہمت ہوتو ایسی ہو

۵۔ مسلمان اور ہاتھی
جمعہ کادِن ہے اوروہ سوچ رہاہے کہ جمعہ کی نماز کی تیاری کیلئے غسل توکیاجارہاہوگالیکن گناہ ، بے ایمانی ، رشوت خوری اور سودخوری سے ہاتھ دھولینے کی نیت کس کس نے کی ہوگی ؟اوراگر نیت ہی سے ہاتھ دھولیاگیاہے تو پھر اس طرح کے بے فیض غسل کامطلب کیاہے ؟
جسم پر پانی ڈال کرنہالینے کاشدت سے احساس تو ہاتھی جیسے ڈیل ڈول رکھنے والے جانور کو بھی ہے۔ مسلمان اور ہاتھی میں کچھ تو فرق ہوناچاہیے نا؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے