سونبرسا (رفیع نعمانی): آج بتاریخ ١٣/اگست بروز اتوار ٢٠٢٣ کو پنیرا بلاک کے تحت مدرسہ الجامعۃ الاسلامیہ خیرالعلوم سونبرسا پوسٹ مولاگنج ضلع مہراجگنج میں تکمیل حفظ قرآن کی مجلس منعقد ہوئی جس کی صدارت مولانا شفیع اللہ صاحب قاسمی نے فرمایا۔ اس تقریب میں دو خوش قسمت نونہال قمر عالم سلمہ بن سلیمان صاحب مقام لہڑا اسٹیشن و خوشبوالدین سلمہ بن عالم خان صاحب مقام مولاگنج نے حفظ قرآن مکمل کیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر مولانا محمد اعظم معاویہ قاسمی استاذ گورکھناتھ مکی جامع مسجد نے شرکت فرما کر اپنے مختصر پرمغز خطاب میں بتایا کہ میدان محشر میں ان حفاظ کرام کے والدین کے سروں پہ چمکتا تاج ہوگا ۔نیز یہ بھی فرمایا کہ دنیا کے بڑے سے بڑے قانون ساز کتابیں لکھتے ہیں لیکن وہ اس کے محافظ نہیں ہوتے مگر قرآن کو خود خداوند قدوس نے اتاراہے اوروہی اس کا محافظ ہے جس کی مثال یہ حفاظ کرام ہیں۔ مہمان خصوصی نے تکمیل حفظ قرآن کرنے والے طلبہ کے استاذحافظ شاہ عالم و حافظ قمر الہدی صاحبان کی محنتوں وکاوشوں کو سراہا اور ان کو مبارکباد پیش کی ۔مہمان خصوصی کے ہمراہ چند دیگر مہمانان کرام نے بھی شرکت فرمائی جن میں کچھ کے اسمائے گرامی محمد انس ،حافظ سیف الدین انصاری و عرفان خان ہیں۔مہمان خصوصی کے علاوہ دیگر مہمانان کرام نے بچوں کےحسن قرآت وتجوید کی تعریف کی ،اور بہتر مستقبل کی دعائیں دیں ۔
اس تقریب کو مولانا حقیق اللہ قاسمی، ماسٹر عبدالجبار ماسٹر امان اللہ مہتمم مدرسہ نے اپنی شرکت اور محنت سے کامیاب بنایا ۔
