جمشید عالم سلفی۔
____________________
ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی کی اطلاع کے مطابق 4 / ستمبر 2023 بروز سوم ضلعی جمعیت اہل حدیث ، سدھارتھ نگر، کی سرپرستی میں جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے زیرِ اہتمام و انتظام سرزمینِ راما پور، شہرت گڑھ، سدھارتھ نگر میں ایک نصف شبی دینی و دعوتی اجلاس عام کا انعقاد ہوا۔ جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے اراکین و ذمہ داران کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ علاقہ و جوار میں ملک و بیرون ملک سے آنے والی دینی و اسلامی شخصیات سے بھر پور دینی و دعوتی فائدہ اٹھایا جائے۔ عالمی شہرت کے حامل کئی کتابوں کے مؤلف و مترجم اور کہنہ مشق داعی و مبلغ ڈاکٹر عبدالقیوم محمد شفیع بستوی مدنی حفظہ اللہ کی آمد کے متعلق جب ذمہ داران جمعیت کو خبر لگی تو فوری طور پر شیخ محترم سے ایک دعوتی پروگرام کے لیے بات کی گئی اور شیخ نے بھی اپنی عدیم الفرصتی کے باوجود دعوتی پروگرام کے لیے ہامی بھر لی اور اس طرح آناً فانا حلقہ شہرت گڑھ کی معروف بستی راما پور میں 4 / ستمبر بروز سوم بعد نمازِ عشاء شیخ محترم کا پروگرام رکھا گیا، جس کی نظامت جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے نائب ناظم مولانا عبدالرشید سلفی پرنسپل المعہد الاسلامی بحر العلوم ، انتری بازار نے انجام دی۔ سب سے پہلے جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے ناظم مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی، استاد المعہد الاسلامی انوار العلوم گنجہڑا نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے دعوت و تبلیغ کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے اس طرح کے دعوتی پروگرام کے مقصد کو واضح کیا کہ ہمارا مقصد نہ صلہ کی تمنا اور نہ ستائش کی آرزو ہے۔ ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر کے ارشاد و رہنمائی کے مطابق ہم لوگوں کی خواہش یہی ہے کہ حلقہ شہرت گڑھ کے تمام مواضعات میں کتاب و سنت کی تعلیمات کو پہنچایا جائے اور صحیح نہج پر عوام الناس کی دینی رہنمائی کی جائے۔ بعدہ مہمان خصوصی علمی وعبقری شخصیت کے مالک شیخ محترم ڈاکٹر عبد القیوم مدنی کا تفصیلی طور پر خصوصی خطاب ہوا، تقریباً پونے دو گھنٹہ تک آپ نے سنجیدہ خطاب فرمایا۔ آپ نے انتہائی مدلل اور دلنشین انداز میں اپنی باتوں کو کتاب و سنت کے دلائل سے مبرہن کرکے عوام الناس کی سماعتوں کے حوالے کیا۔ آپ نے لوگوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ تین امور کو انجام دے لیں آپ کی دنیا و آخرت سدھر جائے گی۔ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں پر غور و فکر اور اس کی شکر گزاری، صبر و استقامت اور توبہ و استغفار۔ آپ نے ان تینوں امور کو نہایت تفصیل سے افہام و تفہیم کے انداز میں واضح فرمایا۔
آخر میں ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے ناظم عمومی محترم مولانا وصی اللہ عبد الحکیم مدنی نے مختصر طور عوام کو وعظ و نصیحت کرتے ہوئے مہمان خصوصی، ذمہ داران جمعیت اور تمام سامعین کا شکریہ ادا کیا۔
ناظم اجلاس کے اختتامی کلمات اور دعا کے ساتھ مجلس کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔ الحمد للہ پروگرام بڑی خوش اسلوبی سے چلا اور سامعین و سامعات کی معتدبہ تعداد نے پوری توجہ اور انہماک سے مہمان خصوصی ڈاکٹر عبد القیوم مدنی کے خطاب اور دیگر علمائے کرام کے بیانات کو سماعت کیا۔
