بیدر۔ 20؍اکٹوبر (پریس نوٹ): شاعر، ادیب ، صحافی اورنقاد جناب محمدیوسف رحیم بیدر ی نے ایک پریس نوٹ جاری کرکے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں (لڑکااور لڑکی دونوں) کی تربیت کیلئے گھریلواجتماعات کا انعقادعمل میں لائیں۔گھریلو اجتماعات بچوں کی تربیت کا یہ ایک موثر ذریعہ ہیں۔ موصوف نے تفصیلی طورپر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ انٹرنیٹ اور پھر مصنوعی ذہانت (AI)کی آمد کے بعد دنیا حددرجہ بولڈ ہوچکی ہے۔ وہ چیزیں جنہیں چھپا کررکھتے ہوئے سمجھاجاتاتھاکہ اس طرح نیکی کی جارہی ہے ، ایسی چیزوں کوسوشیل میڈیا کے ذریعہ لوگوں تک پہنچاکر بے حیائی او فحاشی کو کمائی کا ذریعہ بنالیاگیاہے۔ مادہ پرستی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ جو قومیں مادہ پرست ہوجاتی ہیں ان کاتعلق خدا پرستی سے حددرجہ ہلکاہوجاتاہے بلکہ ٹوٹ جاتاہے۔ ملت اسلامیہ اپنی آنے والی نسل کی تربیت کے لئے خداپرستی ، اورخداشنائی کو جب تک اپنانہیں لے گی تب تک نسلِ نو کی تربیت ناممکن ہے۔ لہٰذا ہرہفتہ ایک مقررہ دن گھنٹہ دیڑھ گھنٹہ تک گھرکے سارے افراد بیٹھیں ۔ قرآن پڑھیں۔بنی کریم ﷺ کی احادیث مبارکہ سنیں ۔ بچوں کی ایک ہفتہ کی مصروفیت پر غور کریں ، اگر کہیں اس مصروفیت میں کوئی خامی دیکھیں تو اس کو دور کریں۔ بڑے لڑکوں کو 9اور 10بجے شب کے بعد گھر سے باہر نہیں رہناچاہیے۔ خود والدمحترم بھی رات جلد گھر واپس آجائیں، دوستوں کے ساتھ ہوٹلوں میں وقت گزاری نہ کریں۔ خواتین بھی بات بے بات گھروں سے نکل کر ضرورت کے لئے بازا ر نہ جائیں ۔ زیادہ سے زیادہ گھروں پر رہیں او راپنے بچوں کی تربیت میں لگی رہیں۔تسبیحات کاجہاں ورد ہووہیں رب کریم کی عنایات پر اظہار تشکر بھی خواتین کریں۔
جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے دسہرہ کی تعطیلات کو بچوں کی تربیت میں استعمال کرنے کی طرف توجہ دلائی ہے۔بچے اول تا ہفتم کلمے سیکھیں۔ زیادہ سے زیادہ قرآنی سورتیں یاد کریں ۔نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام ؓکی سیرتیںپڑھی جائیں۔ تقریری اور تحریری صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں۔ کمپیوٹر ٹائپنگ سے زیادہ مختلف کورسیس سیکھنے پر بھی بچوں کی توجہ رہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ تمام بچے ورزش پر بھی توجہ دیں۔ دیکھاجارہاہے کہ مسلسل موبائل دیکھتے رہنے کے باعث ہمارے بچے موٹے ہوتے جارہے ہیں۔موبائل کم سے کم دیکھاجائے۔ میدانی کھیل کی طرف بھی ہم سب متوجہ رہیں۔ اللہ کرے ، اپنے بچوں کی بہترین تربیت کے ذریعہ امت مسلمہ رب ِ کریم کے آگے سرخرو ہوجائے۔ آمین۔
