مفتی محبوب الرحمٰن کے لخت جگر فوزان احمد کے انتقال پر تعزیتی پیغام

بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): اللہ تعالیٰ کا نظام ہے کہ وہ اپنے محبوب بندوں کو دنیا کے اندر طرح طرح کے مصائب و آلام سے گزارتا رہتا ہے۔ اور وہ مقرب بندے ان پریشانیوں کی وادیوں سےگزر کر روحانی ترقیات کے منازل طے کرلیا کرتے ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ کے فیصلے پر سرنگوں ہو کر نہ صرف یہ کہ صبر کا دامن تھام لیتے ہیں بلکہ سراپا تسلیم و رضا کا پیکر بن جاتے ہیں۔ ابتلاء و امتحان کی راہ سے گزرنے کے بعد ولایت کے جس مقام پر یہ لوگ فائز ہوجاتے ہیں عام مسلمان کے لئے سالہا سال کی عبادت و ریاضت کے ذریعہ اس مقام تک رسائی حاصل کرنا ناممکن ہے۔ یہ دنیا کا دستور ہے کہ خدا وند عالم کی جانب سے امتحان ہمیشہ اپنے مقربین کا ہی لیا جاتا ہے۔ تاریخ اسلام اور قرآن و حدیث سے یہ بات ثابت ہے کہ انبیائے کرام، اولیاء اللہ ، شہداء اور صدیقین و صالحین کو عجیب و غریب امتحانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جبکہ اللہ کے باغی اور دشمنان اسلام دنیا کے اندر عموماً تعیش وتنعم میں مست رہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار بارہ بنکی کے مدرسہ جامعہ مدینۃ العلوم رسولی کے صدرالمدرسین مولانا مقبول احمد قاسمی نے کیا۔ انہوں نے نمائندے سے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ اسی تصور اور اعتقاد کا سہارا لیکر میں اپنے آپ کو بہت دیر تک بہلاتا رہا۔ گزشتہ شب جس وقت میرے محترم و بھائی مفتی محبوب الرحمٰن قاسمی (صدر جمعیت علماء ضلع امبیڈکر نگر) کے صاحبزادے عزیزم محمد فوزان کے انتقال پُرملال کی خبر قلب نازک پر بجلی بن کر گری۔ اللہ تعالیٰ انہیں غریق رحمت فرمائے۔ اور ان کے پسماندگان کو صبرجمیل عطاء فرمائے۔ حضرت مفتی صاحب اور آپ کے اہل خانہ کا اللہ کے یہاں کیا مقام ہے۔ اور ان جیسی مقدس ہستیوں نے کس درجہ کا صبر کیا ہے۔ جنہوں نے یکے بعد دیگرے اپنے چار چار جگرگوشوں کو اپنے دوشِ ناتواں پر اٹھا کر اللہ تعالیٰ کے جوار رحمت میں ان کے دادا جان کے پاس سپرد خاک کر دیا ہے۔ یہ راز اللہ کے سوا کوئی نہیں جان سکتا۔ بس اس گنہگار کی یہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے