اٹوا(سدھارتھ نگر): بزم ارباب ادب اٹوا کی 84ویں ماہانہ طرحی ادبی نشست جناب برہما دیو شاستری پنکج صاحب کی صدارت اور جناب جمال اجمل صاحب کی نظامت میں منعقد ہوئی جس میں قرب وجوار کے شعراء نے اپنا کلام پیش کیا اور شب میں آن لائن تحریری مشاعرہ منعقد ہوا جس میں دور دراز کے شعراء نے بھی اپنے کلام پیش کئے، چنندہ اشعار ادب نواز اردو دوست، باذوق قارئین کی نذر:

ڈھول پیٹیں خوبیوں کی آپ رات ودن مگر
روز اپنی خامیوں کو اک نظر دیکھا کریں
برہما دیو شاستری پنکج
کب تلک اے زندگی گردِ سفر دیکھا کریں
ہم بچھاۓ پلکیں تیری رہگزر دیکھا کریں
جمال قدوسی
لذتِ صحرا نوردی کا مزہ کچھ اور ہے
کس لیے رنگِ چمن دیوار و در دیکھا کریں
ڈاکٹر ایاز اعظمی
دیکھنا ہے جن کو بھی شمسی وفاداری کا رنگ
خاک میں روشن مِرا خونِ جگر دیکھا کریں
ہدایت اللہ خان شمسی
پیٹھ پیچھے جو ملامت کر رہے ہیں آپ کی
ان پہ لازم ہے کہ پہلے اپنا گھر دیکھا کریں
التجا حسین نور صدیقی
جو تمہیں پہنچا دے پل میں منزلِِ مقصود تک
اس امیرِ کارواں کی رہگزر دیکھا کریں
جمیل چوکھڑاوی
احتیاطا اپنی آنکھوں پر گرا لیں پتلیاں
کب کہاں اٹھتی ہے خود اپنی نظر دیکھا کریں
ارشداقبال
راستہ پرپیچ ہے خطرے سے بھی خالی نہیں
راہزن بھی راہ میں اے ہم سفر دیکھا کریں
جمال اجمل
حکمتوں کی جستجومیں بحروبر دیکھا کریں
علم کی گر ہے طلب حیدر کا در دیکھا کریں
سید عزیزالرحمٰن عاجز
موسم سرما میں جوہر تاپتے ہیں سب الاٶ
دفعتا کپڑے نہ جل جائیں شرر دیکھا کریں
عبدالرب جوہر
کوٸی بھی منظر نہیں بھاتا ہے تم کو دیکھ کر
دل توکہتا ہے تمہیں ہم عمر بھر دیکھا کریں
عبدالمبین مبیں ایس نگری
پار ہو جاۓ سفینہ ورطہ امواج سے
مہربانی کی نظرسے آپ گر دیکھا کریں
رحمت علی راہی
یار کیفی گر وہ لمحے ہوں میسر پھر ہمیں
ہم وہی لمحے وہی پل عمر بھر دیکھا کریں
کفیل کیفی

ان شعراء کرام کے علاوہ جناب عبدالرقیب صاحب نے بھی کلام پیش کیا۔ اس موقع پر فیضان اسعد، انوراگ شری واستو، سروج کمار وغیرہ شریکِ بزم رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے