سدھارتھ نگر: مدرسہ اسلامیہ تیواری پور، بجہا بازار، سدھارتھ نگر، یوپی، ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر سے ملحق جماعت کا معروف اور قدیم ترین ادارہ ہے۔ جو الحاج ماسٹر الطاف حسین کی صالح اور حکیمانہ قیادت میں روز افزوں شاہ راہ ترقی پر گامزن ہے۔

10 مارچ 2024 کو مدرسہ اسلامیہ للبنات کی قدیم وجدید فارغات کے مابین ردائے فضیلت اور اسناد تقسیم کرنے کے لیے ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی، ناظم ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر اور نظامت کا فریضہ مولانا حافظ عاقب ریاضی پرنسپل مدرسہ اسلامیہ نے نبھائی۔ 2022 اور 2023 کی تمام فارغات کو ردائے فضیلت، اسناد اور انعامات دیا گیا نیز سالانہ انجمن کے مختلف پروگراموں میں شرکت کرنے والی نمایاں طالبات کو بھی انعامات دیئے گئے۔


اسی باوقار تقریب میں با اثر دینی و سیاسی شخصیات اور دیگر معززین کی موجودگی میں جماعت کے معروف و سنجیدہ عالم دین اور ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظم مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی کی دعوتی، تعلیمی، تدریسی، تالیفی اور جماعتی خدمات کے اعتراف میں انہیں مدرسہ اسلامیہ تیواری پور کے صدر الحاج ماسٹر الطاف حسین، مولانا حافظ عاقب ریاضی اور دیگر علماء کرام کے بدست اعزازی سند اور ایوارڈ تفویض کیا گیا، ایوارڈ سپرد کرتے ہوئے ماسٹر الطاف حسین مسرت و شادمانی سے سرشار ہوگئے اور پرنم آنکھوں سے اپنے بھانجے ناظم ضلعی جمعیت کو سینے سے لگا کر ڈھیر ساری دعائیں دیں۔
ناظم پروگرام کی دلی خواہش پر ناظم جمعیت نے اپنے گراں قدر توجیہی و ارشادی اور تاثراتی کلمات پیش کرتے ہوئے بچیوں کی تقریری و ثقافتی پروگرام کی تحسین اور مدرسہ کے ذمہ داروں کو مبارک باد پیش کیا۔ عزیز فارغات اور پردہ نشین خواتین ملت سے کہا کہ:
*آپ اپنے ایمان و عقیدہ کی حفاظت کریں۔
*اسلامی طرز زندگی اختیار کریں۔ *مغربی اور فیشن زدہ عورتوں کی نقالی کی بجائے ازواج مطہرات کی پاکیزہ زندگی کو اپنا اسوہ و ماڈل بنائیں۔

*اپنے گھروں کو لازم پکڑیں اور تلاوت کلام ربانی سے اپنے قلوب و اذہان کو منور کریں۔
*شرعی حجاب اور احکام شریعت کی سختی سے پابندی کریں۔
ان کے علاوہ مولانا شفیع اللہ مدنی، مولانا شکیل احمد سلفی، مولانا افضل احسان اور خوش گلو نعت خواں مولانا عیسی بلال فیضی نے اپنے اپنے تاثرات، احساسات، پیغامات اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مفید تجاویز اور مشورے پیش فرمائے۔
اللہ اس علمی گلشن کو شاد و آباد اور سرسبز و شاداب رکھے اور ذمہ داران کو مزید حوصلہ اور توانائی دے تاکہ اپنی مفوضہ ذمہ داریوں کو حسن وخوبی کے ساتھ انجام دے سکیں، آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے