- عیدگاہ/مساجد میں عقیدت کے ساتھ پڑھی گئی نماز عید الفطر۔
- نماز کے بعد مانگی گئی اجتماعی دعائیں۔
- بچوں نے خوب خریدے اپنی پسند کے نئے کھلونے۔
- عید کے روز موسم ر ہا خوشگوار۔
سنت کبیر نگر(رپورٹ ظفیرعلی کرخی/ محمد رضوان ندوی): ضلع سنت کبیر اور مسلم اکثریتی علاقہ تپہ اجیارو اطراف میں رمضان المبارک کے بعد خوشیوں کا تیوہار عید جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔صبح فجر کی نماز کے بعد گھروں میں عید کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ مساجد اور عید گاہ میں اعلان کے مطابق وقت سے پہلے ہی پہنچنا شروع ہو گئے۔علاقے میں تمام مقامات پر عید کی نماز عقیدت و احترام سے نماز ادا کی گئی، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے اجتماعی دعائیں مانگی گئیں، ایک دوسرے سے ملاقاتیں کی گئیں اور مل کر مبارکباد پیش کی گئی. عید گاہ اور مساجد نمازیوں سے بھر گئیں۔بچوں کی بڑی تعداد نے عید کا بھر پور لطف اٹھایا۔مقامی پولیس اہلکار مختلف مقامات پر موجود رہے۔
یہاں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی
ضلع کے خلیل آباد شہر ،امر ڈوبھا ،مہولی ،چہیتہی،پولی،مگھر ،ناتھ نگر کے علاوہ
مسلم اکثریتی تپہ اُجیار کے سمریاوان، باغ نگر،سیھوندا، دودھارا، لوہرولی، اسرا شہید، کرہی، بگرامیر، تلجا، دانوکویان، دریا آباد، اگیا ،صالح پور، کوہریاوان، اُونچہرہ، پوروا، تنہری مافی، پپرا، چھپیا چھیتونہ، پرسا، بسڈیلا، دیوریا، چھپیا معافی، کرما خان وغیرہ مقامات پر عیدالفطر کی نماز پرامن طریقے سے ادا کی گئی۔
ملک و ملت کی خوش حالی اور امن و سلامتی کے لئے اللہ سے دعائیں مانگی گئیں۔
ضلع کی سب سے بڑی جامع مسجد سمریاواں میں مولانا قاری محمد ارشد قاسمی نے عید الفطر کی نماز پڑھائی، اجتماعی دعاوں پر آمین سے پوری فضا گونج گئی کی، لوگ خطبہ سن کر ہی باہر نکلے.
بچوں نے عید کے دن خوب لطف اٹھایا
ضلع اور دیہی علاقوں کی تمام مساجد اور عیدگاہوں پر مختلف اقسام کی دکانیں سجائی گئیں اور بچوں کے کھلونوں کی بھی بہت سی دکانیں کھلی رہیں۔نماز کے بعد بچوں نے اپنے پسندیدہ کھلونے موٹر گاڑی،کار ،ہیلی کاپٹر جہاز،بندوقیں ،آئس کریم، غبارے، مٹھائی وغیرہ خریدے۔ گھر سے ملی عیدی کا من پسند خریداری کر دن بھر خوب مزہ اٹھایا۔
دن بھر چلا سیلفی کا دور
عید کے روز نوجوانوں میں کمال کا جوش و خروش دیکھا گیا۔ رنگ برنگے نئے کپڑوں میں ملبوس نوجوانوں کا گروپ سیلفی لینے میں مصروف تھا، نماز کے بعد گروپ در گروپ انوکھے اور نرالے البیلے انداز میں خوشی کے لمحات کو اپنے اپنے موبائل میں قید کرتے نظر آئے، سب نے خوشی کے ساتھ عید منائی ،ہر گھر میں عید کی خصوصی ڈش سیںوائی، چھولے، مٹر، دہی بڑا اور دوسرے لذیذ کھانے پیش کرنے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔
امن برقرار رکھنے کے لیے پولیس انتظامیہ الرٹ
ضلع کے تمام علاقوں میں پولیس کے آفیسر و جوان الرٹ رہے۔
سمریاواں دودھارا باغ نگر کے علاقہ میں عید کا تہوار امن اور خوشی کے ساتھ منایا گیا، پولیس انتظامیہ کی جانب سے عیدگاہوں اور مساجد کے قریب پولیس کے جوان موجود رہے۔پولیس تھانہ انچارج دودھارا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سمریاوان عیدگاہ کے قریب موجود رہے۔ بہت سے لوگوں نے پولیس کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرکے امن و اتحاد کا خوب صورت نظارہ پیش کیا.
پارٹی لیڈران رہے سر گرم
عید کے روز ضلع کی تمام جماعتوں کے قائدین نے عید کے موقع پر علاقے کا دورہ کیا اور مسلمان بھائیوں کو مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں اور باہمی اتحاد اور برادرانہ ہم آہنگی کی مثال قائم کی۔ حاجی مشہور عالم چودھری، گوہر علی خان، محمد احمد، منیر الحسن چودھری، شعیب احمد ندوی، محمود چودھری کے گھروں پر سیاستدانوں کا دورہ جاری رہا۔ ممکنہ لوک سبھا کے امیدواروں نے اپنے قافلہ کے ساتھ علاقہ کے دورے کیے۔
سوشل میڈیا پر ملک گیر مبارکباد
آج ہر کسی کے ہاتھ میں موبائل کا جدید ترین ورژن موجود ہے، عید کے دن عید کی خوشیاں بانٹنے کے لیے اس کا بھرپور استعمال کیا، عید کا چاند دیکھ کر سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر عید کی مبارکباد دینے کا سلسلہ دن رات جاری رہا۔ ملک اور بیرون ملک رشتہ دار دوست احباب عزیز اقارب سے باتیں کرنے اور عید کی خوشیاں بانٹنے، مبارکباد اور دعائیں دینے میں مصروف رہے۔
بقیہ گیارہ مہینے رمضان کی طرح گزاریں
مدرسہ عربیہ تعلیم القران سمریاواں کی جامع مسجد کے امام مولانا محمد ارشد قاسمی،دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے استاذ حدیث شعبہ مدارس ملحقہ کے انچارج و ناظر مولانا کفیل احمد ندوی، مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن سمریاوان کے مہتمم، مولانا محمد منیر ندوی، غفران احمد ندوی صدر مدرس، علاقے کے تعلیمی مشیر اعجاز احمد کرخی عرف اجو ، مجیب بستوی، مجیب الرحمن قاسمی، الحرا گلوبل کے چیر مین فضیل احمد ندوی اور اتر پردیش پرا تھمک ٹیچر ایسو سی ایشن کے ضلع نائب صدرظفیر علی کرخی نے عید کے موقع پر لوگوں سے اپیل کیا کہ رمضان کے مقدس مہینے کی طرح سال کے باقی گیارہ مہینے اللہ اور اس کے رسول کے حکم کے مطابق زندگی گزاریں، نماز کی پابندی کریں، قرآن شریف کی پابندی کے ساتھ تلاوت کریں، مسجد کو آباد رکھیں۔ غریبوں، بیواؤں اور یتیموں کی مدد کریں، غصہ اور حسد سے پرہیز کریں، کسی کو بلاوجہ تنگ نہ کریں، یہ مہینہ خصوصی ٹریننگ اور تربیت کا مہینہ تھا، اب اسی کی روشنی میں باقی گیارہ مہینے اپنے آپ کو مجاہدہ، صبر، تسلیم و رضا، آپسی محبت، ہمدردی، تعاون اور تابع داری کے ساتھ گزارنے ہیں۔
