کانگریس کے وزراء ایچ کے پاٹل، ایشور کھنڈرے، اور رحیم خان کی پریس کانفرنس
بیدر۔ 20؍اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری): بی جے پی نے ہمیشہ سے جھوٹ کہاہے ۔ امسال 2024 کے انتخابات میں بھی جھوٹی باتوں کے ذریعہ انتخاب لڑرہی ہے۔ مرکز میں یوپی اے کی من موہن سرکارہویا ریاست کرناٹک میں میں سدرامیاکی حکومت ہو، کانگریس نے عوام سے جو بھی وعدہ کیاہے ، اس کو پورا کیاہے اور آئندہ بھی پورا کرے گی۔یہ بات وزیر قا نو ن مسٹر ایچ کے پا ٹل نے بتا ئی۔ وہ آج بیدر کے ’’پتریکابھون‘‘ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ گذشتہ 10ماہ کے دوران کرناٹک میں کانگریس حکومت نے اپنی 5گیارنٹیوں پر عمل آوری کرتے ہوئے ایک کروڑ 10لاکھ لوگوں کو فائدہ پہنچایاہے۔ شکتی یوجنا سے، گرہ جیوتی اسکیم، گرہ لکشمی اسکیم ، انابھاگیہ جیسی اسکیمات عوامی فوائد کے لئے ہیں۔ اور عوام اس سے خوشی خوشی استفادہ کررہی ہے۔ تمام طبقات ان اسکیمات سے خوش ہیں۔ مرکز میں ہماری حکومت برسراقتدار آتی ہے تو ہمارے کئے گئے وعدے ہم پورے کریں گے۔ اس کے علاوہ بھی کئی ایک ترقیاتی اسکیمات کااعلان کیاگیاہے۔ ہماری سبھی گیارنٹیاں اور اسکیمات پوری ہوں گی۔ یہ ہمارا وعدہ ہے۔
کانگریسی قائدین نے اعلان کیا کہ علاقہ شمالی کرناٹک کی تمام 12 نشستوں پر کامیابی حاصل کریں گے۔ کیوں کہ بی جے پی کے کسی بھی وعدے پر عوام بھروسہ نہیں کر رہی ہے۔ کیوں کہ عوام کو پتہ ہے کہ بی جے پی ایک جھوٹی پارٹی ہے۔ تمام لوگوں کے کھاتوں میں 15لاکھ روپئے ڈالنے کاوعدہ کیاگیاتھا، 10سال ہوگئے لیکن وہ وعدہ پور انہیں کیاگیا۔ سوئس بینکوں سے کالادھن واپس نہیں آیا۔ کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کاوعدہ تھا، آمدنی دوگنانہیں ہوسکی۔پٹرول ، ڈیزل، گیس سبھی مہنگے ہوگئے۔ ملک میں روزگار کے مواقع کھولے نہیں گئے ، اس کی ذمہ دار بی جے پی ہی ہے ۔دوسری طرف صنعت کاروں کا 10لاکھ کروڑ روپئے قرض معاف کیاگیا۔ اس لئے تو کہاجارہاہے کہ چوکیدار ملک کی اور یہاں کے عوام کی دیکھ ریکھ میں پوری طرح فیل ہوچکاہے۔10سال کے اقتدار کے دور میں 9اسکیمات کا اعلان کیاگیاتھا جس میں سے 8اسکیمات کو ایک بھی پیسہ جاری نہیں کیاگیا۔ سمندری علاقے کوسیاحتی علاقہ بنانے کااعلان کیاگیاتھا۔ صرف 19کرو ڑکی رقم جاری کرنے کے بعد اس کو بھی بند کردیاگیا۔ الیکٹرول بانڈ کے ذریعہ 16ہزار کروڑ روپئے پارٹی کو چندا وصول کیاگیا۔ سی بی آئی ، ای ڈی نے ریڈ کیا، بعد میں انہیں سے فنڈ حاصل کیاگیا۔ ہم سپریم کورٹ کو سلام اسلئے کرتے ہیں کہ اس نے الیکٹرول بانڈ گھوٹالے کو اجاگر کیا۔ عوام کے سامنے حقائق آئے۔ اس لئے اس الیکشن میں بی جے پی کوسبق سکھانے کی عوام سے اپیل کی جاتی ہے۔کانگریسی قائد نے دعویٰ کیاکہ وہ ریاست میں 20نشستوں پر کامیاب ہوں گے۔ اور بیدر کی نشست ایک لاکھ سے زائد ووٹوں سے جیت لی جائے گی۔
اس مو قع پر وزیر جنگلات و بیدر ضلع انچارج وزیر مسٹر ایشورکھنڈرے نے پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرچہ ء نامزدگی داخل کرنے کی تاریخ کل ختم ہوگئی۔ بھگونت کھوبا مرکزی وزیر 10سال کے دوران بیدر کو ترقی دِلانہیں سکے۔ عوام تبدیلی چاہتے ہیں، ایم پی سیٹ پر دوسرا آدمی آئے جو بیدرکوترقی دِلاسکے۔ رہ گئی بات کھوبا کے الزامات کی تو دراصل بھگونت کھوبا میرے اور میرے خاندان پر ذاتی طورپر الزامات لگارہے ہیں۔ جو یکسر جھوٹے ہیں۔ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا میں گذشتہ 7سال میں کسانوں جو 650کروڑ روپئے جمع کئے ، اور جس کافائدہ کمپنیاں اٹھارہے ہیں، بلکہ کسانوں کا650کروڑ روپیہ لوٹ لیاگیا۔ کھوبا میں ہمت ہے تو اس کو بھی جھوٹاثابت کریں۔ بیدر کو لاکھوں کروڑوں کابجٹ لانے کی بات کررہے ہیں۔ کہاں سے لاپائیں گے؟ نوآباد تاکمال نگر ہائی وے پوری طرح خراب ہوچکی ہے۔ ایک طرف سڑک تڑخ رہی ہے اور پیچھے سے ٹوٹ بھی رہی ہے۔اس طرح کے سبھی گتے ان ہی کے خاندان والوں کودئے گئے ہیں۔
اس پریس کانفرنس میں کانگریس کے وزراء ایچ کے پاٹل وزیرقانون ، بیدر ضلع انچارج وزیرایشورکھنڈرے ، وزیر بلدیہ اور حج رحیم خان ، اراکین کو نسل، اروندکمارارلی،چندر شیکھر پا ٹل، بھیم را ئو پا ٹل، بسواراج جابشٹی چیرمین بی ڈی اے او ردیگرموجودتھے۔
