اٹوا(سدھارتھ نگر): بزم اربابِ ادب اٹوا کی ماہانہ 87ویں طرحی ادبی نشست جناب برہم دیو پنکج شاستری صاحب کی صدارت ،جناب ارشد اقبال صاحب کی نظامت میں جمال ٹریڈرس پر 2 بجے دن میں منعقد ہوٸی اور شب میں آن لاٸن تحریری مشاعرہ منعقد ہوا، جس میں دور دراز کے شعراء نے بھی اپنے کلام پیش کئے چنندہ اشعار اردو دوست، ادب نواز، باذوق قارئین کی نذر ہیں۔
مسند نشیں ہیں قیصر و کسریٰ پھر ایک بار
فاروق کوئی ہم کو اے پرور دگار دے
جمال قدوسی
تیری رضا پہ چھوڑ دیئے گلستاں کو ہم
چاہے خزاں کا دور دے چاہے بہار دے
برہم دیو شاستری پنکج
ظالم کو میرے مولیٰ نہ اب اقتدار دے
کرسی سے جتنی جلدی ہو اس کو اتار دے
سید عزیز الرحمٰن عاجز
داخل نہ ہونے پاۓ کوئی بھی ترے سوا
میں چاہتا ہوں عشق کا ایسا حصار دے
ارشد اقبال
عزت تجھے ملے گی یقیناً سماج میں
شیطان کی غلامی کا پٹہ اتار دے
جمال اجمل
ہو جاۓ تیرے نور سے روشن جہانِ دل
بگڑے ہوۓ نظام کو میرے سدھار دے
ضمیر احمد ضمیر قاسمی
ممکن ہے بعد مرگ وہ آجائیں قبر پر
مدفن کے واسطے مجھے ان کا دیار دے
التجاحسین نورصدیقی
گلشن وہ میں گلاب ہی ہوتا ہے سرخ رو
سوغاتِ حسن جس کو نسیمِ بہار دے
عبدالاول سنگرامپوی
اے ہم نشین یار، کرم یار پر تو کر
شوریدہ زلف، یار کی ہے تو سنوار دے
عبدالرب جوہر
کس کس کا دکھ اٹھاٶں میں کس کس کا غم کروں
صدموں کا بوجھ سر سے الٰہی اتار دے
اعظم کنول میرٹھی
تیری رضا سے ہم کو شکایت نہیں ذرا
اک بار دے کے روک لے یا بار بار دے
عبدالمبین مبیں خان
اس موقع پر ڈاکٹر ایاز اعظمی، شکیل ضاغط، جناردھن پانڈے، انوراگ شری واستو وغیرہ شریک رہے۔
