گلبرگہ۔ یکم مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): ممتاز سیاسی تجزیہ نگار اور قلمکار جناب محمد مبین الرحمن وکیل بیدری نے بتایاکہ علاقہ کلیان کرناٹک کے اضلاع بیدر ، گلبرگہ، رائچور ، کپل ، یادگیر ، بلاری وغیرہ میں بہت شدت کی گرمی ہے۔ اس گرمی کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو چاہیے کہ وہ 7؍مئی کو ہونے والے انتخابات کے دن دوپہر 2بجے سے 4بجے تک رائے دہی میں دوگھنٹہ کا وقفہ دیں اور شام کے وقت دوپہر والے 2گھنٹے بڑھاکر 5بجے کے بجائے شام 7بجے تک رائے دہی جاری رکھی جائے۔ یعنی7؍مئی کو صبح 7بجے سے شام 7بجے تک رائے شماری ہو۔ اور دوپہر میں 2گھنٹے کاوقفہ دیاجائے۔دھوپ کی شدت کے سبب لوگ پولنگ بوتھ پر کم سے کم آئیں گے۔ جب کہ ہمیں رائے دہی کوزیادہ فیصد تک لے جانامطلوب ہے۔
جناب مبین الرحمن نے الیکشن کمیشن آف انڈیااور علاقہ کلیان کرناٹک میں موجود کمیشن کے نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ براہ ِ کرم 2گھنٹے کاوقفہ رائے دہی میں دیاجائے ۔ اور شام کووہ 2گھنٹے رکھے جائیں ۔ اس عمل سے رائے شماری آسان ہوگی ۔اس سے زیادہ ووٹنگ کی امید کی جاسکتی ہے۔
