اٹوا(سدھارتھ نگر): ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے، اس میں ہر فرد کو اظہارِ رائے کی آزادی حاصل ہے اور جمہوریت میں ووٹ دینا اپنی رائے دینا گواہی کا درجہ رکھتا ہے جو بوقت حاجت کبھی واجب بھی ہو جاتا ہے، الیکشن میں ووٹ ڈالنا اور اپنے ملک کے لیے وفادار لیڈر کا انتخاب ہر شہری کا واجبی حق ہے اگر کسی نے ووٹ نہیں ڈالا تو نہ صرف یہ کہ وہ اپنا وجود کھو بیٹھا اور کالعدم ہو گیا بلکہ اس نے حزبِ مخالف کو دوگنی طاقت بخش دی، اس لیے میں تمام برادران قوم و ملت سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ بروز الیکشن اپنا ووٹ ضرور ڈالیں اور اپنے کنبہ و قبیلہ ، پاس پڑوس ، أعزہ و اقارب اور بستی میں بسنے والے ہر انسان کی اس سلسلہ میں مدد کریں، نوجوانان رضاکارانہ طور پر کمزوروں، بزرگوں، سن رسیدہ لوگوں اور بیماروں تک کا ووٹ ہر حال میں ڈلوائیں ، بوقت ضرورت سواری کا بندوبست کریں اور کثیر تعداد میں ووٹ ڈال کر اپنی قوت کا مظاہرہ کریں، اپنے ملک و ملت کی سلامتی کا باعث بنیں۔ مذکورہ باتیں مولانا محمد ابراہیم مدنی صدر ویلفیئر ٹرسٹ اٹوا، سدھارتھ نگر نے کہیں۔
مزید ایک گزارش یہ ہے کہ سبھی تعلیم یافتہ دانشور حضرات ووٹر ہیلپ لائن کا استعمال کریں ، جن لوگوں کے گھر میں بعض افراد کا نام ووٹر لسٹ سے غائب ہوگیا ہے اور ان کے پاس ووٹر آئی ڈی ہے ان کی پرچیاں بنوائیں اور گاؤں میں گھر گھر جا کر ووٹر ہیلپ لائن کی مدد سے لوگوں کا تعاون کریں، ووٹر ہیلپ لائن ایپ کی مدد سے الیکشن کمیشن سے براہ راست رابطہ بنائے رکھیں ، گھر بیٹھے بیٹھے اپنے گھر کے بالغ بچوں اور بچیوں کی ووٹر آئی ڈی بنائیں ، پرانے ووٹر آئی ڈی میں غلط اندراج کی اصلاح کریں اور ووٹر ہیلپ لائن ایپ کی مدد سے دیگر بہت کچھ فائدہ اٹھائیں ۔ اللہ تعالی ہم سب کو متحد ہوکر اپنی طاقت کو مضبوط بنانے کی توفیق عطا فرماۓ اور ہم سب کی مدد فرمائے آمین ۔
