سہارنپور (احمد رضا): عالم دین مفتی محمد ناصرایوب ندوی نے آج ایک ایک مراسلہ پریس کو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی فیض العلوم خانقاہ بوڑیہ کے الکریم ٹرسٹ کے زیر اہتمام حج پر جانے والے عازمین حج کے لئے تعلیمی و تربیتی اور ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد ادارہ ہذا کے کیمپس میں کیا گیا جسکا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت حبیب سے عمل میں آیا۔
ادارہ کے روح رواں اور شعبۂ خادم الحجاج کے سرپرست رہبر ملت حضرت الحاج پیرجی حافظ حسین احمد صاحب قادری مجددی حفظہ اللہ نے عازمین حج کو سفر حج کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ حج عبادت ہر اس صاحب نصاب پر فرض ہے جو اللہ کے گھر مکہ مکرمہ جانے کی استطاعت رکھتا ہو یہی وہ عبادت ہے جس میں انسان کی جان مال وقت سب لگتاہے یہ عبادت جانی ومالی عبادت ہے زندگی میں صرف ایک بار فرض ہے اس کو بہت سمجھداری سے اور سیکھ کر کرنے کی ضرورت ہے پیر صاحب نے بات جاری رکھے ہوئے کہاکہ عبادت کو اچھے انداز سے ادا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم صحت کا خیال رکھیں کیونکہ وہاں کی اور یہاں کی آب وہوا میں بہت فرق ہے اسی لئے محکمہء صحت کی جانب سے ڈراپ پلائی جاتی ہے اور انجکشن لگتاہے۔
اللہ کا شکر ہے لمبے عرصے سے آپ کے محبوب ادارہ میں گھر سے گھر تک حج وعمرہ کے کاموں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ ٹیکہ کاری کا بھی نظم رہتا ہے اللہ تعالیٰ اس خدمت کو قبول فرمائے آمین۔
اس موقعہ پر مولانا مفتی اقبال احمد مظاہری ناظم اعلیٰ جامعہ دارالعلوم مظفریہ سہارنپور نے عازمین کو حج کی تعلیم و تربیت کے حوالہ سے پریکٹیکل سکھایا جبکہ پروگرام کو کامیاب بنانے میں فیض العلوم خانقاہ بوڑیہ کے اساتذۂ کرام خصوصاََ حافظ عبدالستار کریمی، مولانا محمد عارف قاسمی،مولانا عبدالستار قاسمی، حافظ خورشید احمد کریمی،ڈاکٹر عبدالغفارحافظ عبدالرحمن کریمی قاری مظفرحسین کریمی،قاری محمد ساحل اور سرکاری ہسپتال بوڑیہ کے عملہ کے ڈاکٹر پنکج کمار، ڈاکٹر انجو شرما، ڈاکٹر سونیا وغیرہم نے اہم کردار ادا کیا!
