ابو احمد مہراج گنج
ہم میں سے ہر شخص سالوں سے موبائل فون ،لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر سے جڑا ہوا ہے ۔جس نے بارہا ان ڈیوائس کے ہینگ ہونے کی پرابلم کو فیس کیا ہوگا ۔اور پھر جب یہ ڈیوائس ہینگنگ کے مشکلات سے نکل گئی ہوں گی تو ایک طرح کا ذہنی سکون حاصل ہوا ہوگا۔
ٹھیک اسی طرح ہمارا یہ جسم گوشت پوست سے تخلیق شدہ ایک بیش قیمتی ڈیوائس ہی ہے اور یہ ڈیوائس موجودہ وقت کی سب سے سپر دماغ اے آئی یعنی آرٹی فیشیل اینٹلی جنس سے ہزاروں گنا بہتر اور برتر ہے ۔لحموں میں صدیوں کا سفر کرنے کی صلاحیت سے مالامال ہے ۔مستقبل کے سینکڑوں مشکلات کا حل تلاش کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔اس جسم میں دل نام کا ایک ایسا عضو موجود ہے جس کا متبادل اور کاپی بنانے میں میڈیکل سائنس ابھی ناکام ہے۔تو وہیں دماغ نام کا ایک عضو ایسا موجود ہے جو سارے عالم کے طبی ماہرین کو حیرت میں ڈالے ہوئے ہے کہ یہ کون سی طاقت کے قوت کا مظہر ہے جس کے برق رفتاری کی مثال تو دی جاتی ہے مگر اس جیسی شئےبنائی نہیں جاسکتی ہے ۔
انھیں نادرونایاب اعضاء کا مجموعہ یہ ہمارا جسم بھی ہینگ ہوتا ہے ۔کبھی آپ نے محسوس کیا ہے؟
جب ہمارا موبائل فون یا لیپ ٹاپ ہینگ ہوتا ہے تو وہ کیا کرتا ہے ۔درست طریقے سے اپنا کام نہیں کرتا ہے۔کبھی کبھی خود سے کام کرنے لگتا ہے ۔یعنی من مانی کرتا ہے تو کبھی کبھار ہماری حکم عدولی کرتا ہے یعنی ہم جن باتوں کا حکم دیتے ہیں ان کو نہیں کرتا ہے اور جن کا حکم نہیں ہوتا ہے وہی کام کرنے لگ جاتا ہے یا بالکل کرتا ہی نہیں ہے۔
یہی حال ہم اور آپ جیسے انسان نامی ڈیوائس کا ہے ہم اپنے مقصد تخلیق سے بے پروا ہوکر اپنی من مانی کرتے جارہے ہیں ۔ہمارے خالق اور مالک نے زندگی گزارنے کے لئے جو حکم ہم کو دئیے ہیں جب ہمارا جی چاہتا ہے اس پر عمل کرتے ہیں اور جب جی نہیں کرتا تو موبائل فون کی طرح ہینگ ہو جاتے ہیں ۔
موبائل فون لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر جب ہینگ ہوتاہے تو مالک کبھی اسے توڑ دیتا ہے ۔کبھی پٹک دیتا ہے اور کبھی کبھی اس کی میموری کو فارمیٹ کر دیتا ہے۔یعنی جو مواد اس میں موجود ہے جو معلومات اس میں موجود ہوتی ہیں ان کی پرواہ کئے بغیر انھیں ڈیلیٹ کر دیتا ہے یعنی وہ ہمیشہ ہمیش کے لیے ختم ہوجاتی ہیں اور
ان کی جگہ کباڑ خانے ہوتی ہے یا کوڑے دان میں۔
آپ سوچیں اگر یہی کام ہم انسان نامی ڈیوائس کے مالک کی طرف سے ہونے لگے تو ہمارا کیا حال ہوگا ۔ہمارا وجود کیا ہوگا ہماری شناخت کیا ہوگی۔ہم کہاں ہوں گے ۔یقینا ہم اپنی ہینگنگ کی وجہ سے اس قابل ہوں گے کہ اس فانی دنیا میں ذلیل وخوار ہوتے رہیں اور اس ہمیشہ ہمیش کی زندگی میں بھی جہنم نامی کباڑ خانے اور کوڑے دان میں اپنی جگہ تلاش کریں ۔
اس لئے ہمیں اپنے غلط ایکٹیویٹی کو اپنے ناجائز اعمال کو اور اپنے نامناسب رویے کو اپنی میموری سے ڈیلیٹ کرکے اپنے زندگی میں رواداری ۔خوش اخلاقی اور تابعداری کا سافٹ ویئر اپلوڈ کر کے اپنے مالک و خالق کی مرضی کے مطابق اپنی بقیہ زندگی گزارنے کا عہد کرنا چاہیے تاکہ ہمارا خالق ہم سے راضی ہو جائے اور ہمارا مستقبل روشن رہے۔
