گھر، خاندان اور علاقہ کے لوگوں میں خوشی کا ماحول
سمریاواں، سنت کبیر نگر (محمد رضوان ندوی): قرآن سب سے عظیم کتاب ہے، دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب سے تعلق اور محبت کے اتنے واقعات ہیں جن کو شمار نہیں کیا جا سکتا،قرآن سراپا معجزہ ہے اور قیامت تک اس سے ہزاروں معجزے انسانی ذہن و دماغ کو حیرت زدہ کرتے رہیں گے، ہر دن کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ ضرور رونما ہوتا ہے جس سے یہ صاف ہوجاتا ہے کہ یہ انسانی کلام ہو ہی نہیں سکتا، یہ رب کا کھلا پیغام ہے، انسانیت کے لئے سب سے عظیم انعام اور انمول تحفہ ہے، ضرورت ہے کہ اس پیغام کو عام کیا جائے اور ہر ممکن کوشش کی جائے کہ اسی آئینہ میں اپنی زندگی گزاری جائے، ان خیالات کا اظہار سہیل احمد علیگ نے مدیحہ بتول کے ناظرہ قرآن پاک مکمل کرنے پر الحراء گلوبل اکیڈمی مجید آباد سمریاواں سنت کبیر نگر میں منعقد تہنیتی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کیا.
انھوں نے کہا کہ قرون اولی میں مردوں کی طرح خواتین بھی قرآن کی طرف خاص توجہ دیتی تھیں، اسی لئے اس دور میں حافظات اور مفسرہ قرآن خواتین کی تعداد بہت زیادہ تھی، آج بھی ہماری بچیوں کو اس پہلو پر خصوصی توجہ مبذول کرنے کی ضرورت ہے۔
7 سال کی مدیحہ بتول ابھی درجہ 3 کی طالبہ ہے، اس کی لگن قابل تحسین ہے، اس موقع پر مدیحہ بتول کو اہل خانہ سمیت علاقے کے معززین نے دعاؤں سے نوازا اور روشن مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، مبارک باد پیش کرنے والوں میں مولانا کفیل احمد ندوی انچارج شعبہ مدارس ملحقہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ ،عقیل احمد پیش کار، عتیق احمد پیش کار، پروفیسر خلیل احمد، الحراء گلوبل اکیڈمی کے منیجر فضیل احمد ندوی، ظفیر علی کرخی، منیر احمد ندوی، غفران احمد ندوی ،ماسٹر اعظم، عظیم احمد ندوی، سابق پردھان وکیل احمد، فیاض احمد، محمد احمد ضلع پنچایت ممبر، اعجاز منیر وغیرہ کے نام خاص طور پر قابل ذکر ہیں.
