بیدر۔ 28؍اگست (محمدیوسف رحیم بیدری): جماعت اسلامی ہندکرناٹک ماہ ِ ربیع الاول میں 13؍ستمبر تا22؍ستمبر ایک 10؍روزہ سیرت مہم بعنوان ’’حضرت محمد ﷺ پیکر ِ اخلاق ‘‘ منانے جارہی ہے۔ جس کے لئے دعوتی مقاصد پیش نظر رکھنا ہوگا۔
جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے ذرائع کے بموجب تمام مقامی جماعتیں اس سیرت مہم کومؤثر طریقے سے چلائیں گی۔ اور جماعت کے کارکنان سیرت مہم میں خود کو پوری طرح مصروف رکھیں گے۔ اس دوران مہم کی سرگرمیوں کے علاوہ کوئی پروگرام منعقد نہیں کیاجائے گا۔ مہم کی تمام سرگرمیوں کے ذریعہ رائے عامہ اسلام کے حق میں ہموار کرنے کی سعی مسلسل کی جائے گی۔ حسب ِ ذیل پروگرامس ہوں گے۔ (۱) دعوتی ملاقات اور لٹریچر کی تقسیم (۲) سیرت کی کتابیں برادرانِ وطن تک پہنچانا (۳)سیرت مکالمہ پروگرام (۴)سیمینار(۵)میڈیا کاموثر استعمال (۶)تحریکی افراد سیرت رسول ﷺ کامطالعہ کریں (۷)ملی پروگرام ، مسلم ائمہ کے ذریعہ (۸)میلا د کے جلوس اور ملت کے ذریعہ ہونے والے جلسوں کومنظم شکل اور صحیح رخ دینے کی کوشش کرنا شامل ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ماہ ستمبر کے پورے مہینے میں جماعت اسلامی ہند شعبہ ء خواتین کی جانب سے ملک گیر سطح پر ’’اخلاقی محاسن۔ آزادی کے ضامن‘‘ عنوان پر ایک ماہی مہم منائی جائے گی۔ جس میں ہرممکن تعاون دینا ہے۔
