(عبدالمبین منصوری)
سدھارتھ نگر: پوری ریاست اور ضلع میں گزشتہ دو دنوں سے مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے کھجوریا روڈ اور میونسپل کونسل سدھارتھ نگر کا علاقہ اور قبرستان مکمل جزیرہ بن گیا ہے۔ جدھر دیکھو صرف پانی ہی نظر آ رہا ہے۔
واضح رہے کہ برسات کے موسم میں ہلکی سی بارش کے بعد بھی کھجوریا روڈ پر دو سے تین فٹ تک پانی جمع ہوجاتا ہے۔ برسات کے موسم میں مسلسل بارش کی وجہ سے کھجوریا روڈ اور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نگر وارڈ کا کچھ حصہ و کھجوریا روڈ پوری طرح سے پانی میں ڈوب جاتا ہے۔ اسے دیکھنے سے تالاب یا جھیل سا دکھائی دیتا ہے اور کھجوریا روڈ پر ہمیشہ پانی جمع رہتا ہے۔
بارش اور نالی کے پانی نکلنے کا مناسب نظام نہ ہونے کی وجہ سے کئی گھروں کے سامنے کئی کئی دنوں تک پانی جمع رہتا ہے۔ جس کی وجہ سے وبائی امراض پھیلنے کا قوی امکان رہتا ہے۔ اس سے چھٹکارا پانے کے لیے میونسپل انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے اور شہر کے مکین میونسپل انتظامیہ سدھارتھ نگر کے لاپرواہی کا شکار رہتے ہیں۔
دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں کے کھجوریا روڈ سے گزرنے میں کافی دقّتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان دنوں کھجوریا روڈ کو چوڑا کرنے کے سلسلے میں کھجوریا روڈ پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور مسمار کیے جانے کے بعد نالہ اور سڑک بالکل خستہ حال ہے جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں اور دیگر گاڑیوں اور مسافروں کے آمد و رفت میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کھجوریا روڈ پر واقع دکانداروں اور تاجروں کی حالت بھی انتہائی قابل رحم ہو چکی ہے۔ پہلے بھی کوئی بھی کسٹمر کھجوریا روڈ پر جانے سے کتراتے تھے اور اب پانی بھر جانے کی وجہ سے وہ یہاں آنے سے اور بھی کترا رہے ہیں۔ اس طرح کھجوریا روڈ کی خستہ حالی اور علاقہ کھجوریا میں پانی بھر جانے سے علاقہ کے مکین اور دیگر راہگیر مکمل طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔
اس وقت کھجوریا روڈ کو چوڑا کرنے کا کام پوری طرح سے بند پڑا ہے۔ اس بارش کے موسم میں سڑک کے چوڑی ہونے کی کوئی امید تو ابھی دور دور تک دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ لیکن شہر کے مکینوں کو پانی جمع ہونے کی پریشانی سے ضرور نجات دلائی جا سکتی ہے۔
موقع پر نگر پالیکا پریشد سدھارتھ نگر کے صدر گووند مادھو اور سبھاسد ساجد جے سی بی کے ساتھ کھجوریا روڈ پر جمع برسات کے پانی کو نکالنے کی کوشش میں لگے رہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کھجوریا روڈ پر جمع برسات کے پانی کو کتنے دنوں میں نکال کر محلہ اس سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
