اسٹار فاونڈیشن مئو کے زیر اہتمام ضلعی پیمانے پر اردو، ہندی اور انگریزی زبانوں میں اسپیچ کمپٹیشن
مئو(اتر پردیش): اسٹار فاونڈیشن مئو کی جانب سے مؤرخہ ۲۹/ستمبر ۲۰۲۴ء بروز اتوار گارڈن پلازہ ، جہانگیرہ باد، نزد متّل ہوسپیٹل، مئو میں اردو، ہندی اور انگریزی زبانوں میں ضلعی پیمانے پر بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ خطابت کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں مختلف جامعات، مدارس، اسکولز اور کالجز کے طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنے اساتذہ، والدین، ادارے اور محلوں کا نام روشن کیا۔
اس مسابقے میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے مشارکین کو ٹرافی، سرٹیفیکٹ اور مڈل سے نوازا گیا۔ اردو تقریر میں پہلی پوزیش مشہور کمنٹیٹر محمد اظہر بن عبداللطیف متعلم جامعہ عالیہ عربیہ، مئو نے حاصل کر ادارہ، اساتدہ اور اپنے ملک نیپال کا روشن کیا۔ جامعہ عالیہ عربیہ کے پرنسپل ڈاکٹر حفیظ الرحمن سنابلی نے اس موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور طالب علم کی خوب ستائش کی اور جامعہ میں پہونچتے ہی تمام طلبہ کے سامنے طالب علم کو اعزاز سے نوازا اور اس کامیابی پر انھیں مبارکباد پیش کی نیز تمام طلبہ کو اس طرح کے پروگراموں میں شرکت کرنے اور بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی اور کہا کہ مدارس کے طلبہ کی تعداد ہندوستان کی پوری آبادی کے مقابل اعشاریہ پانچ بھی نہیں ہے پھر بھی لوگوں کے گلے کے نیچے نہیں اتر پاتے ہیں اور نہ ہی ہضم کر پاتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آپ لوگوں کے اندر دنیا کا ہر کام کرنے کی صلاحیت ہے بس آپ کو نکھارنے اور ٹرینڈ کرنے کی ضرورت ہے اور ہاں آپ کو دنیا کی رنگینیوں سے خوف کھانے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ آپ لوگ ہی قوم کے رہنما ہیں اور آپ کی صحیح رہنمائی کا انتظار دنیا کر رہی ہے، لیکن یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ آج ہم ذلیل و خوار ہوتے جا رہے ہیں کچھ علماء کی کوتاہیوں کی وجہ سے، کیونکہ اگر یہ سدھر جائیں گے تو پورا سماج سدھر جائے گا اور اگر یہ بگڑ گئے تو پورا سماج گمراہ ہو جائے گا۔ اگر یہ لوگ عزم کرلیں اصلاح و بہتری کی تو تاریخ کا رخ بھی موڑ سکتے ہیں جیسا کہ اس سے پہلے کی ہماری تاریخ رہی ہے۔

انگریزی زبان میں دوسری پوزیشن جامعہ کے ایک سابق متعلم محمد انور محمد آفات اللہ متعلم جامعہ فیض عام نے حاصل کی اور آن اسٹیج اپنے استاد ڈاکٹر حفیظ الرحمن سنابلی (جن کو انگلش زبان میں جج کی حیثیت سے مدعو کیا گیا تھا) کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے ادارے کے اساتذہ و ذمہ داران کا شکر گزار رہا۔ ان بچوں کی کامیابی پر فاونڈیشن کے صدر نور عالم صاحب اور فاونڈر و مینیجنگ ڈائرکٹر اقدس رشاد صاحب نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
پروگرام میں شہر کے معززین بالخصوص عالی جناب سالم انصاری صاحب (سابق ایم پی)، طیب پالکی صاحب (سابق چیئرمین نگر پالیکا، مئو)، قوم کے خیر خواہ عالی جناب جمال ارپن صاحب نے شرکت کی اور مشارکین و منتظمین پروگرام کی حوصلہ افزائی کی۔
