جامعہ اسلامیہ فیض عام مئو کے ناظم اعلی مولانا حسامی کی رحلت سے دینی و ملی حلقوں میں غم کی لہر
مئو (اتر پردیش): حضرت مولانا مظہر علی مدنی حفظہ اللہ شیخ الجامعہ، جامعہ اسلامیہ فیض عام کی اطلاع کے مطابق : جامعہ اسلامیہ فیض عام مئو کے موجودہ ناظم اعلی اور شہر مئو کے مشہور خانوادہ کے چشم و چراغ مولانا شفیع احمد حسامی کا گزشتہ کل 2 اکتوبر 2024 کو انتقال ہو گیا ۔ یہ خبر تمام وابستگان و متعلقین خصوصاََ جامعہ اور مسلم انٹر کالج سے منسوب حضرات کے لیے بڑی ہوش ربا تھی ۔ مرحوم بصحت و عافیت تھے ، اگرچہ مختلف امراض کے شکار رہے لیکن 2 اکتوبر کو بعد نماز ظہر گھر آرام کے لیے تشریف لے گئے ، اچانک دل کا دورہ پڑا اور حرکت قلب بند ہو جانے سے وفات ہو گئی ۔ اللہ تعالی مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے ۔
مولانا حسامی مرحوم کو جامعہ اسلامیہ فیض عام مئو کی نظامت کا بار گراں تین بار اٹھانا پڑا ، یہ سلسلہ 1996 سے شروع ہوا ، درمیان میں دوسرے لوگ بھی آئے ۔ مولانا مرحوم نے اپنے دور نظامت میں بڑے بڑے تعمیراتی کام کیے ، فیض عام نسواں کی شاندار بلڈنگ آپ کے عہد میں تیار کی گئی ۔ جامعہ کے ہوسٹل کی ایک منزل اور تزئین کاری بھی آپ کے سنہرے دور کی یادگار ہے ۔ مرحوم نے بہت سی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے بعد بھی اپنے حوصلوں میں کمی نہ آنے دی ، جامعہ کی خدمت کو ہمیشہ مقصد اول کے طور پر رکھا، آپ ایک بڑے تاجر خانوادہ سے تھے اور خود بھی معروف تاجر تھے ، جامعہ کے لیے آپ کے خانوادہ کی قربانیاں زباں زد خاص و عام ہیں ۔ آپ بلند اخلاق و مومنانہ سیرت و کردار کے حامل تھے ۔ متشرع اور دیندار تھے ۔ از ابتدا تا فضیلت آپ کی تعلیم جامعہ اسلامیہ فیض عام میں ہی ہوئی ۔ فراغت 1977ء مطابق 1397ھ کو ہوئی ۔ گویا اس عظیم جامعہ سے آپ کا تعلق ولادت سے موت تک رہا ، قوت فیصلہ سے ہمکنار تھے۔ قرآنی آیت کی روشنی میں جب کسی بڑے کام کا عزم کرتے تو اللہ پر توکل کرتے اور منزل کی طرف قدم بڑھا دیتے ۔ مشکلات اور کٹھنائیوں سے کبھی گھبراتے نہیں ۔ آپ کے پسماندگان میں بیوہ، دو صاحبزادے اور چار صاحبزادیاں ہیں، بلکہ جامعہ اور اس کے تمام شعبوں کے جملہ افراد بھی ہیں ۔ اللہ تعالی سبھی کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے اور جامعہ کے حق میں آپ کا نعم البدل عطا فرمائے ۔
نماز جنازہ 2 اکتوبر نو بجے شب شیخ الجامعہ شیخ مظہر علی مدنی حفظہ اللہ کی امامت میں ادا کی گئی ۔ اور آپ کے آبائی قبرستان چھیتن پورہ میں تدفین عمل میں آئی اور لوگوں کے ایک بڑے جم غفیر نے آپ کو نم انکھوں سے الوداع کہا ۔ آپ کی تاریخ ولادت 3 اپریل 1957 ہے ۔ اس طرح آپ نے تقریباً 68 سال عمر پائی ۔ اللہ تعالیٰ آپ کی بشری کوتاہیوں کی مغفرت فرما کر جنت الفردوس میں جگہ دے، آمین۔
