نٹ سماج کے بعد موسہر اور دلتوں تک بلڈ ڈونیشن مشن کا پیغام پہنچانے کی ہوگی کوشش: ذاکر حسین
اعظم گڑھ، 20 اکتوبر (نامہ نگار): ملک گیر پیمانے پر مریضوں کو مفت خون مہیا کرانے کی مہم چلانے والی معروف تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) اب اعظم گڑھ کی نٹ بستی سے نکل کر ضلع کی موسہر ذات بستی، دلت بستی، یادو بستی سمیت دیگر مسلم اور غیر مسلم بستیوں میں میٹنگ، پروگرام کر عوام کو خون عطیہ کے تئیں بیدار کرنے کی کوشش کرے گی۔
آج میڈیا کیلئے جاری بیان میں الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) بانی ذاکر حسین نے کہا کہ ہمارا مقصد غریب بستیوں جیسے موسہر اور دلت بستی میں جاکر انہیں الفلاح فاؤنڈیشن کے مشن اور خون عطیہ کو لیکر آگاہ کرنا ہے۔ ہم موسہر، دلت اور ان تمام لوگوں سے قربت کے خواہاں ہیں، جو سماج کے دبے کچلے لوگ ہیں، ان تک مدد پہنچانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ مذکورہ لوگ مین اسٹریم سے کٹے لوگ ہیں۔انہیں وقت پر خون پہنچانا بہت ثواب کا کام ہے۔ یہ بیچارے خون خرید نہیں سکتے، یہ لوگ اپنے علاج کا خرچ نہیں اٹھا پاتے، ہمیں اس طرح کے مجبور اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنی ہوگی۔
اس موقع پر الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ ) کے معاذ سنجری، یاسر پٹھان، اسمعیل شیخ، ابو شحمہ ماہلی، عامر اعظمی، معراج خان، سمیر شیخ، یاسر نواز، ذکی انصاری، خلیق الرحمٰن سمیت دیگر تنظیم کے معزز شخصیات نے نومبر ماہ َسے موسہر، دلت سمیت دیگر غریب لوگوں کو خون عطیہ کے تئیں بیدار کرنے اور وقت پر ان کی مدد کرنے کی جانب ٹھوس قدم اٹھانے کا عزم ظاہر کیا۔
