مولانا رفیع الدین ریاضی پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے، ساتھ ہی اس موقع پر موجود لوگ

اصلاح معاشرہ کانفرنس میں شیخ عبدالسمیع المدنی کا اظہار خیال

مہنداول ،سنت کبیرنگر: شبان المسلمین تنظیم کی جانب سے سماج اور معاشرہ میں پھیلی ہوئی اعتقادی، عملی، اخلاقی و سماجی برائیوں کی اصلاح کے لئے ایک دینی و اصلاحی عظیم الشان جلسہ عام اصلاح معاشرہ کانفرنس موضع منڈیری خسرو خرد میں منعقد ہوا۔

پروگرام میں شیخ عبدالسمیع کلیم اللہ مدنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی قوم کی ترقی اس قوم کے نوجوانوں کے بلند اخلاق اور تہذیب پر منحصر ہے، کسی قوم اور ملک کی خوشحالی اس ملک کی دولت میں نہیں، اس ملک کے بہت مالدار اور اسلحوں میں نہیں بلکہ کسی بھی قوم کی ترقی اعلیٰ اخلاق کی صفات سے متصف ہونے میں ہے یعنی جو قوم بلند اخلاق کو اختیار کرتی ہے تو وہ زندہ اور باعروج ہوتی ہیں، جب کسی قوم کا اخلاق گندا ہو جائے اخلاق گھٹیا ہو جائے تو وہ قوم ذلت کا شکار ہوجاتی ہے۔ جب ہم بداخلاق ہوئے، ہمارے گھروں کی خواتین بے پردہ نظر آنے لگیں، بازاروں کی رونق بننے لگیں تو مسلم سماج پستی کے دلدل میں دھنسنے لگا، قیامت کے روز زیادہ وزنی اللہ کے ترازو میں انسان کا بلند اخلاق ہوگا اور انھوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کو میں مسلمانوں کی تاریخ کو بتاؤں تو یہ بات میں آپ کے سامنے کہنا چاہتا ہوں کہ دنیا کی تمام فاتحین میں دنیا کے سبھی اقوام میں کوئی ایسی قوم نہیں ملے گی جو اپنے فاتحین سے خوش ہوتی ہو لیکن مسلم قوم نے جہاں بھی فتح حاصل کیا۔ انھوں نے اپنے بلند اخلاق اور پاکیزہ تعلیمات، انصاف اور انسانیت کے ذریعے دنیا کی تمام اقوام کو اپنا معتقد اور گرویدہ بنالیا، جب کہ دوسری فاتحین قوموں نے اپنے مفتوحین کو اپنا غلام بنالیا تھا جس کی وجہ سے مفتوحہ اقوام علم بغاوت بلند کرکے ان سے نجات کی لڑائیاں لڑیں۔اور مسلم فاتحین کے بارے میں سبھی اقوام کا یہ تاثر تھا کہ ہم پہلے انسانوں کے غلام تھے، اب ہمیں اصلی آزادی نصیب ہوئی ہے۔

اس موقع پر مولانا سیف الرحمن بارہ بنکی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن رہتی دنیا تک کتاب ہدایت ہے،ہمیں اپنی گھریلو اور عبادت والی زندگی قرآنی ہدایات کے مطابق گزارنا چاہئے، جس سے ہمارے اعمال رائیگاں نہ ہوں اور آخرت میں افسوس و حسرت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مولانا ریاض احمد ریاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرہ میں زبان کی حفاظت پر خصوصی زور دینا چاہئے کیونکہ زبان کے بے جا استعمال کی وجہ سے لوگ قیامت کے دن اوندھے منھ جہنم میں دھکیلے جائیں گے۔

پروگرام کی صدارت کا فریضہ مولانا رفیع الدین ریاضی گورکھپوری نے انجام دیتے ہوئے کہاکہ اپنے خطاب میں کہاکہ ہماری زندگی کا مقصد خدا کی عبادت ہے،اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم عبادت ،معاشرت ،سیاست اور تجارت وغیرہ زندگی کے سبھی شعبوں میں ہمارے نمونہ اور آئیڈیل ہیں،انہیں کے نقش قدم پر چل کر ہی ہمیں کامیابیاں مل سکتی ہیں اور پروگرام کی نظامت کا فریضہ مولانا مشتاق ریاضی نے انجام دیتے ہوئے کہا کہ قرآن و حدیث کی روشنی میں زندگی گزارنے سے ہی ہم نبی اور صحابہ کے نقش قدم پر چل سکتے ہیں۔

عبود عبدالسمیع کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔حمید عبدالسمیع نے بارگاہِ رسالت میں حمد و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔

پروگرام کے کنوینر غفران احمد نے سبھی حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مولانا عبدالحق جامعی ناظم مرکز السنہ للبنات گوئٹہا، شفیق الرحمن، محمد منیر، جواد احمد، رئیس احمد، محمد نعیم، نثار احمد، مجیب الرحمن شیخ،فیروز احمد،محمد سلیم،نہال احمد،اشراق احمد، شبیر احمد، ابرار احمد، مولانا احمد علی سلفی ناظم مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ کرنجوت، جمال اختر، مولانا فدا حسین اور عبداللہ سمیت کثیر تعداد میں مرد وخواتین موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے