تعلیم کے فروغ کے لیے اسکول اور کالج کھولنے اور نئی نسل کے ایمان و عقیدہ کی فکر پر دیا زور

(ظفیر علی کرخی ؍محمد رضوان ندوی )

سمریاواں،سنت کبیر نگر:جمعیت علماء ہند ریاست مہاراشٹر کے نو منتخب ریاستی صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی کا اپنے اولین مسکن سنت کبیر نگر ضلع کے سمریاواں پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا،اس موقع پر انہوں نے جمعہ کو مدرسہ تعلیم القرآن سمریاواں میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کیا،مہمان خصوصی مولانا حلیم اللہ قاسمی نے عوام و خواص کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:شادی، نکاح،عقیقہ وغیرہ کی تقریبات میں غیر ضروری اخراجات تشویش کا سبب ہیں، معاشرے کے کمزور طبقہ کے لئے یہ رسم و رواج ہلاکت خیز اور تباہی کا سامان ہیں،نکاح کے موقع پر سنت کی خلاف ورزی ہو رہی ہے،ہر طرح کی رسومات کو اپنایا جا رہا ہے،شادیاں مالی حیثیت کی بنیاد پر کی جاتی ہیں، جہیز کے لین دین کی بات ہوتی ہے، خاندانی سلسلہ نظر آتا ہے، جو کہ سراسر نامناسب ہے یہ عمل اسلام کی تعلیمات کے خلاف ہے۔
مولانا قاسمی نے کہا کہ بہترین نکاح وہ ہے جس میں کم خرچ ہو، دونوں فریقوں کو احترام کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے چاہئیں،نکاح غیر اسلامی طریقے سے ہوگا تو سنت پر عمل کیے بغیر آپ کو حقیقی خوشی نہیں مل سکتی،جہیز ایک بہت بڑی لعنت ہے،معاشرے میں رائج برائیوں کی جڑ شادی بیاہ میں دکھاوے، نام و نمود اور شہرت طلبی میں بے جا خرچ کرنا ہے، شادی میںسفید گاڑی، کالی گاڑی کا مطالبہ، باراتیوں کی عیش و عشرت کے لئے من موافق انتظام، شاندار استقبال کا اہتمام سارا بوجھ لڑکی کے باپ پر ڈال دیا جاتا ہے، نکاح عبادت ہے عبادت میں سادگی مطلوب ہے،موجودہ دور میں اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی ضرورت ہے، شادیوں پر غیر ضروری اخراجات کی نہیں۔
جمعیۃ علماء ہند مہاراشٹر کے نو منتخب صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی اور ریاستی خزانچی مولانا اشتیاق احمد قاسمی کا آبائی ضلع میں انتخاب کے بعد پہلی آمد پر تمام اہل علاقہ نے شاندار استقبال کیا، مولانا منیر احمد ندوی، غفران احمد ندوی، مجیب بستوی، مولانا کفیل احمد ندوی، ابوبکر چودھری، ظفیر علی کرخی، سراج احمد حمیدی، مولانا محمد ارشد قاسمی، ضلع پنچایت ممبر محمد احمد، فضیل احمد ندوی، فیروز احمد ندوی، وسیم احمد، سلیم عمر وغیرہ نے مولانا کو خوش آمدید کہا اور خوشی کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے