مکاتب و مدارس میں دینی تعلیم کے ہمراہ عصری تعلیم کو مضبوط بنا نے پر غور و خوض۔
گورکھپور: انجمن تعلیمات دین گورکھپور کے ذمہ داروں کی ایک اہم میٹنگ شہر کے مشہور و معروف شخصیت کے حامل اور بہترین معالج الحاج ڈاکٹر عزیز احمد صاحب کی رہائش گاہ واقع محلہ ابو بازار اونچوا میں تنظیم کے رکن الحاج مسیح الدین عاصم گونڈوی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ آرگنائزر مولانا محمد سالم امام مسجد کھوکھر ٹولہ نے تلاوتِ کلامِ پاک سے مجلس کا آغاز فرمایا۔ تنظیم کے آفس سکریٹری مولانا محمد اطہر صدیقی قاسمی صدر جمعیت علماء گورکھپور نے سابقہ کارروائی کی تصدیق کراتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل سے باخبر کرایا۔ چنانچہ مکاتب کو منظم اور مضبوط بنانے اور تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لئے طے پایا کہ ضلع کے تمام ذمہ داران مکاتب کو بلاکر دینی تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کرکے ان سے بھی معیار تعلیم کو بلند کرنے کے سلسلہ میں مشورہ لیا جائے اور پھر مناسب لائحہ عمل تیار کرکے اس کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کیا جائے۔ جناب الحاج محمد افراھیم صاحب نے کہا کہ مدارس و مکاتب کے تعلیمی نظام کو چست اور درست کرنا ضروری ہے، دینی تعلیم کے ہمراہ عصری تعلیم سے مدارس کے طلباء کو بیدار کرنا ضروری ہے مگر یاد رہے کہ کسی حال میں دینی تعلیم متاثر نہ ہونے پائے۔
ڈاکٹر عزیز احمد صاحب نے کہا کہ اب تو ضرورت ہے کہ مدارس میں انگلش میڈیم کا انتظام ہو، ہم مبارک باد دیتے ہیں مدارس کے ان ذمہ داروں کو جنھوں نے اپنے اپنے اداروں میں دینی تعلیم کے ہمراہ عصری تعلیم کو شامل کرکے تعلیم کو مضبوط و مربوط اور مزین کر رکھا ہے۔ عاصم گونڈوی صاحب نے کہا کہ مدارس میں عصری تعلیم کے لئے ذمہ داروں کو عصری علوم سے آراستہ اساتذہ کا تقرر کرکے عوامی چندہ سے انکی تنخواہوں کا بندوبست کیا جائے۔
اس موقعہ پر ڈاکٹر عزیز احمد صاحب نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ہم مشکور ہیں کہ چیف جسٹس نے جاتے جاتے مدارس اور علیگڈھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کی بحالی کے سلسلہ میں جو فیصلہ صادر کیا ہے، مبارکباد کے مستحق ہیں۔ یقیناً اس معاملے میں شامل وکلاء اور پیروی کار بالخصوص جمعیت علماء ہند کے صدر ، مدارس عربیہ کے ذمہ دار دیوان زماں اور علیگ برادران نیز محبین کا بھی بیحد شکر گذار ہوں اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ساتھ ہی ساتھ مدارس کے ذمہ داروں اور مائینارٹیز اداروں کے ذمہ داروں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حق کی لڑائی میں کوشاں رہیں انشاء اللہ ، اللہ مشکلوں کو آسان کرے گا اور باعزت مقام سے نوازے گا۔
چنانچہ مولانا محمد اطہر صدیقی قاسمی کے مشورے کے مطابق طے پایا کہ تنظیم کے صدر محبوب سعید حارث اور جنرل سیکریٹری فاضی کلیم الحق مل بیٹھ کر جلد ہی دینی تعلیمی کانفرنس کے لئے تاریخ متعین کرکے تیاریوں کی طرف قدم بڑھائیں اور احباب کو باخبر کرنے کی زحمت فرمائیں۔ اس سلسلے میں محترم آصف سعید صاحب کا تعاون ضروری ہوگا۔
حاضرین میں چودھری قمر جمیل عبداللہ سراج الحاج محمد افراھیم ماسٹر شمشاد احمد سید نعیم الحسن محمد عمیر فیضان سرور آرگنائزر محمد سالم وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
