شریف ندوی

الحمدللہ، اللہ رب العزت کے فضل و کرم سے مدرسہ بیت العلوم بنکے گاؤں میں سالانہ جلسہ تکمیلِ حفظ قرآن کریم کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ یہ بابرکت محفل بنکے گاؤں کے مرکز میں منعقد ہوئی، جس میں مدرسہ کے ہونہار طلبہ نے اپنے اساتذہ کی محنت اور تربیت کی بدولت قرآن پاک مکمل کیا۔

مدرسہ کے مہتمم مولانا منصور احمد مظاہری صاحب نے اس عظیم الشان جلسہ کی صدارت فرمائی، اور جلسے کی نظامت قاری شریف صاحب نے بحسن و خوبی انجام دی۔ اس مبارک تقریب کی نگرانی مولانا عبدالسمیع صاحب نے فرمائی، جن کی علمی اور روحانی شخصیت کی روشنی نے محفل کو مزید نورانی بنا دیا۔

حفظ کے شعبہ میں مدرسہ کے نمایاں اساتذہ، جن میں حافظ عبدالقیوم صاحب، حافظ صراط اللہ صاحب، حافظ و قاری اسرار احمد ثاقبی صاحب اور حافظ مجیب الرحمن صاحب شامل ہیں، کی محنتوں اور قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ اس سال سولہ طلبہ نے قرآن کریم حفظ مکمل کیا۔ ان تمام اساتذہ کی شب و روز کی محنت اور تربیت نے ان طلبہ کو اس قابل بنایا کہ وہ قرآن مجید کو اپنے سینوں میں محفوظ کر سکیں۔

دارالعلوم الاسلامیہ بستی کے حفظ کے صدر المدرسین حافظ انصاراللہ صاحب کی قیادت میں آخری سبق کی تکمیل عمل میں آئی۔ ان کی نگرانی میں طلبہ نے نہایت عمدہ انداز میں اپنے سبق کی تکمیل کی،

جلسے کے مہمانِ خصوصی مولانا ڈاکٹر اسجد صاحب قاسمی ندوی شیخ الحدیث مدرسہ امدادیہ مرادآباد نے اپنے خطاب میں قرآن کریم کی عظمت اور حفاظ کرام کی خدمات کو سراہا۔ ان کے علاوہ مدرسہ کے مشہور اساتذہ کرام مولانا عبد الآخر، مولانا عبدالمنان اور مفتی محفوظ الرحمن صاحب نے بھی جلسے میں شرکت کی اور طلبہ و اساتذہ کی حوصلہ افزائی فرمائی۔

یہ جلسہ نہ صرف ایک تعلیمی تقریب تھی بلکہ گاؤں کے تمام افراد کے لئے ایک تجدیدِ روحانیت کا موقع بھی ثابت ہوا۔ دعا کے بعد اخیر میں منتظمین نے تمام مہمانانِ گرامی اور اہلِ قریہ کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے