شعبہ تجوید و قرأت دار العلوم ندوۃ العلماء کا اختتامی اجلاس

لکھنؤ:قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے، متعدد آسمانی کتابیں اللہ تعالی نے اتاری ہیں: تورات، زبور، انجیل، لیکن قرآن مجید ہی واحد کتاب ہے، جو آج تک محفوظ ہے، اس میں ایک نقطہ اور زیر و زبر کا بھی فرق نہیں ہوا، ان خیالات کا اظہار ناظم ندوۃ العلماء مولانا سید بلال عبدالحی حسنی ندوی نے شعبۂ تجوید و قرأت دار العلوم ندوۃ العلماء کے اختتامی اجلاس منعقد مسجد دار العلوم میں کیا۔
مولانا نے مزید کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآن کریم اچھی آواز اور صحت مخارج و حروف سے پڑھنے کی تلقین فرمائی ہے، اچھی قرأت سے دل و دماغ دونوں روشن ہوتے ہیں، اور سننے والے پر اچھا اثر پڑتا ہے، قراء توں اور لہجات کا ثبوت تواتر سے حدیث نبوی سے ثابت ہے، یہ قرآن کریم کا اعجاز ہے کہ نسل در نسل علمائے امت نے اس کی حفاظت و اشاعت کی ہے۔
واضح رہے کہ شعبہ تجوید و قراء ت دارالعلوم ندوۃ العلماء ۱۹۸۹؁ء سے قائم ہے، اس کے صدر مولانا مفتی قاری محمد ریاض مظاہری ہیں، جو شعبہ کے قیام ہی سے اس فن کی تعلیم و تدریس کی خدمت انجام دے رہے ہیں، ان کے معاون استاد مولانا قاری عبداللہ خان ندوی ہیں، اس شعبے سے اب تک سینکڑوں طلباء قرأت سبعہ و عشرہ اور روایت حفص کی تعلیم حاصل کرچکے ہیں، بحمدللہ امسال بھی سبعہ وعشرہ اور روایت حفص کی بڑی تعداد فارغ ہوئی ہے، فارغ ہونے والے طلباء نے اس اجلاس میں فن تجوید و قرأت وسبعہ وعشرہ کا مظاہر بھی پیش کیا ۔
اس موقع پر مولانا قاری مفتی محمد ریاض مظاہری، مولاناقاری عبداللہ خان ندوی، مولانا ڈاکٹر محمد فرمان ندوی، مولانا زبیر احمد ندوی اور طلباء دارالعلوم موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے