سید مقصود

صدر راشٹریہ مسلم مورچہ ، دہلی
’’منو کے لئے موت کاپیغام بھارت کا دستور‘‘ ، عوامی شاعر غدر کے شاگرد جے راج کایہ تیلگو گیت آج کل بہت چرچا میں ہے۔ کیادستور منودھرم کے لئے واقعی موت کاپیغام ہے ؟کیامنو کی موت واقع ہوئی ہے؟ یومِ جمہوریہ کیاجمہور کا دِن بن سکا؟اس پر غور کرنا ضروری ہے۔
منو دھرم کیاہے؟:۔ منوسمرتی برہمن دھرم کے لئے قانون کی کتاب ہے۔ جس کی بنیاد ذات پات پر رکھی گئی ہے۔ اس کے بارے میں ڈاکٹر امبیڈکر نے کہا، ’’انصاف کے نقطہء نظر سے تجزیہ کیاجائے تو صاف نظر آئے گا، ہند وازم (منودھرم) ، مساوات کا دشمن ، آزادی سے نفرت کرنے والا، اور بھائی چارگی کا مخالف ہے ۔ (بحوالہ ڈاکٹر امبیڈکر ۔ تقریریں اور تحریریں ، بعنوان ’’ہندومذہب کافلسفہ‘‘ صفحہ نمبر 66) بھارت کے آئین کی تمہید میں کیاکہاگیاہے ؟بھارت کا آئین، انصاف ، سماجی، معاشی وسیاسی ، مساوات اور اخوت کو ترقی دینے کے عہد(حلف) سے شروع ہوتاہے۔ جو منودھرم کے لئے موت کاپیغام ہے۔
1918؁ء میں انگریزوں نے South boro Commission بھارت کو بھیجا۔ اور قانون سازی کی بنیاد ڈالی ۔ اس وقت باباصاحب امبیڈکر نے اپنا ردعمل مختلف موقعوں پر خاص انداز سے ظاہر کیا۔الف ۔ پچھلے دوہزار پانسو سال میں بھارت میں سب سے بڑا انقلابی قدم ۔ب۔ سمراٹ اشوک کے بعد بھارت میں سب سے بڑی انقلابی تبدیلی کی بنیاد ۔ج۔ نئی روشنی ، کہا۔ کیوں کہ بھارت میں قانون بنانے کاحق صرف اور صرف برہمنوں کو حاصل تھا۔ ان کے قانون کو BPCیعنی Brahmanical Panel Code برہمن دھرم کا قانون کہا جاتا تھا۔ جو سماج کے 85%طبقوں کے لئے انصاف نہیں بلکہ ان پر ظلم کرنے کاذریعہ تھا۔ ایک ہی جرم کے لئے مختلف طبقات کیلئے مختلف سزائیں رکھی گئیں ہیں۔
مختلف دور میںمنو کاقانون :۔ زمانہ اور حالات تبدیل ہوتے رہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ منو کے قانون کی بنیاد کبھی تبدیل نہیں ہوئی۔ مسلمانوں کے دور ِ اقتدار میں بھی ہندوؤں پر BPC ہی لاگو تھااور مسلمانوں پر شریعہ ۔ ٭چالوکیہ دور ِ حکومت میں ایک قانون کی کتاب لکھی گئی ، جس کو سومیشورسوم (1126تا1134؁ ٔ) نے دکن کی کلیانی (بسواکلیان )میں لکھا تھا۔ جس کانام ’’ مان سلّاس‘‘ ہے جس کاقانون بنگال کو چھوڑ کر آزادی سے پہلے تک سارے بھارت میں لاگو تھا۔ (بحوالہ ’’ہندوستان کاشاندارماضی‘‘ اے ایم بھاشم ۔ صفحہ 467)
اس میں راجا کو حکومت کرنے کے لئے 20 نکات بتائے گئے ہیں۔ چھٹا نکتہ یہ ہے ’’چنڈالوں کو حکومتی اداروں سے دور رکھنا چاہیے ، راجا ہمیشہ اس بات کا خیال رکھے ‘‘٭وجے نگر کے مشہور راجا کرشنا دیوارائے نے ’’آمکتہ مالیہ‘‘ لکھی ۔ اس نے بادشاہ کے لئے بہت سارے کام تجویز کئے۔ اس میں سے ایک نیچی ذاتوں کا اونچی ذات کے لوگوں کا ادب واحترام کرنا اور نوکر کا اپنے آقا کے مفادات کی حفاظت کرنا ، وجے نگر کے بادشاہوں کے مطابق ریاست کا پہلا فرض سماج کا تحفظ اور ملک کے مختلف ذاتوں ، اور فرقوں کے درمیان مفادات کی کشمکش کو روکنا ہے۔ ٭متا آکشرا، مان سلّاس ،آمکتہ مالیہ ، 26؍جنوری 1950؁ء تک یہی قانون سماج پر کسی نہ کسی شکل میں نافذرہا۔
منودھرم کے ماخذ:۔  
ڈاکٹر امبیڈکر کہتے ہیں، ہند ودھرم ، دھرم اور قانون میں فرق نہیں کرتا۔ دونوں ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ تاکہ نچلی ذات کے لوگوں کوکنڑول کیاجائے ، اور اعلیٰ ذات کے مفادات کوپورا کیاجائے ۔( ڈاکٹر باباصاحب ۔ تقریر یں اور تحریریں ، جلد سوم ، صفحہ 95۔اشاعت :تیلگو وشواودیالیہ ، حیدرآباد)
سُرتی ، سمرتی ، سداچار ، یعنی رسم ورواج ہیں (بحوالہ ’’اصول دھرم شاستر ‘‘از:۔ رائے بیدیہ ناتھ ، مشیرقانون حکومت ِ حیدرآباد دکن ، صفحہ 2) یہی منودھرم کے قانون کے ماخذ ہیں ۔
ان سب حالات کے پیش نظر ڈاکٹر امبیڈکر نے 25؍ڈسمبر 1927؁ء کو مہار تالاب تحریک میں علانیہ طور پر منوسمرتی کو جلاکر خاک کر دیا۔ اور 26؍جنوری 1950؁ء کو قانوناً ختم کر دِیا مگر منوسمرتی آج بھی کسی نہ کسی شکل میں زندہ ہے۔ جیسے کلچر کی شکل میں، رسم و رواج کی شکل میں ، دھرم کی شکل میں 75 سال میں دستور کا منشاء پوری نہ ہوسکا۔ اس بات کا اندازہ ڈاکٹر امبیڈکر کو تھا۔ اسی لئے انھوں نے 26؍نومبر 1949؁ء کو دستور کے مسوّدے کو پارلیمنٹ کے حوالے کرتے ہوئے ایک تاریخی تقریر کی۔ اس میں اپنے خدشات، اندیشے، خطرے اور مشورے حکومت کو پیش کئے جس کا سرسری جائزہ یہاں پیش کرنا ضروری معلوم ہوتا ہے۔
 آئین چاہے کتنا ہی اچھا ہو، وہ برا بھی ہوسکتاہے ۔ جب آئین کے تحت کام کرنے والے خود اچھے نہ ہوں ۔ برخلاف اس کے خراب آئین سے اچھے نتائج نکل سکتے ہیں۔ (یعنی اعمال کا دار و مدار نیت پر ہے) اور ہم اس کے نتائج دیکھ رہے ہیں۔
2۔ ہمارا قدیم دشمن یعنی ذات پات کا نظام کے علاوہ ہم میں بہت سارے متضاد نظریات رکھنے والے ، سیاسی جماعتیں موجود ہیں۔ ہم ملک کے مفادات
کو ترجیح دیں گے یااپنے عقائد ونظریات کو ،اگر ایسا ہوتاہے تو بڑی مشکلوں اور قربانیوں سے حاصل کی ہوئی ہماری آزادی خطرے میں پڑجائے گی ۔ موجودہ حکومت کے اندازِ حکمرانی سے یہ خطرہ اور بڑھ گیاہے۔
3۔ 26؍جنوری کو ملک جمہوریہ ہوجائے گا۔ مگر ملک کی آزادی کا کیاہوگا؟کیاملک آزادی برقرار رکھ پائے گا؟اگر یہ ملک آزادی کھودے تو اس کی وجہ ہمارے ہی لوگوں کی دھوکا بازی اور غداری ہوگی ۔
4۔ 26؍جنوری 1950؁ء کو ہم دورِ تضادات  Age of Contradiction  میں قدم رکھنے جارہے ہیں۔ ان تضادات کو ہم کس طرح نبھا سکتے ہیں ،یہ بڑا مسئلہ ہے۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ بھارت کا وہ طبقہ، جو منو دھرم کی وجہ سے ، فائدے ہی میں ہے۔ اس نے کبھی آئین کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا۔ منو وادیوں کو اس بات پر غصہ تھا کہ
a۔ ایک اچھوت کس طرح دھرم کی سمرتیوں ، اور سرتیوں کی بات کر رہا ہے؟ اسی لئے ہندو کوڈ بل کو طنزیہ کہا کرتے تھے، یہ امبیڈکر سمرتی ہے۔
b۔ جب واجپئی وزیراعظم تھے ، انھوں نے آروینکٹ رامن صدر جمہوریہ کی موجودگی میں دستور کے ریویو کی بات کہی۔ ایک ہی اسٹیج سے دو متضاد نظریات سننے کو ملے ۔ صدر جمہوریہ آروینکٹ رمن نے دستور کے ریویو کی بات کا سختی سے ا نکار کر دیا۔
c۔آر ایس ایس کی جانب سے دستور کو تبدیل کرنے کی بات ، موقع موقع سے کھل کر کہی جارہی ہے۔
d۔ تیلگو اکیڈمی نے دستور چھاپا ہے۔ پروفیسر GBریڈی ، ڈین عثمانیہ یونیورسٹی لاکالج ، اس کے دیباچہ میں لکھتے ہیں، ان کا انداز بڑا تضحیک آمیز تھا۔ انھوں نے کہا ’’یہ تو ٹکڑوں کو جوڑ کر ، تیار کی گئی گودڑی ہے‘‘
e۔ 12؍اگست 2018؁ء کو جنتر منتر پر بھارت کا دستور جلایا گیا اور اس کی ویڈیو وائرل کی گئی مگر اس پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی ۔ جب کہ یہ ٍپارلیمنٹ پر حملے سے بڑا اقدام تھا۔
بھارت کا دستور، دراصل منو دھرم یعنی برہمن دھرم ؍برہمن راج قائم کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس رکاوٹ کو دور کئے بغیر برہمن راج قائم نہیں ہوسکتا۔ اگر برہمن راج قائم ہو جائے ، اِن کے علاوہ ہر کوئی ان کا غلام ہو جائے گا۔ اس غلامی کو برقرار رکھنے ، کا ان کا مقصد یہ ہے کہ چوں کہ برہمن اپنے بارے میں کہتے ہیں، ’’ساری کائنات خدا کے دسترس میں ہے اور خدا منتر کے دسترس میں ہے اور منتر برہمن کے دسترس میں ہے ۔ اسی لئے برہمن زمین کا دیوتا ہے‘‘ان کی خدائی کو بھارت کا دستور چیلنج کرتا ہے ، اسی لئے وہ اس سے نالاں ہیں۔
دنیا میں حکمرانی کے لئے تین نظریے کام کرتے ہیں۔ منو دھرم Must be kill، یہ نظریہ انتہا پسندانہ اور ظالمانہ سوچ پر مبنی ہے ۔ بودھ مت اور اسلام Need to Kill ، اعتدال اور انصاف پسندانہ نظریہ ہے۔ جین مذہب No Need to kill یہ دوسری انتہا ہے۔ منو دھرم کے ماننے والوں نے بودھ مت کے ساتھ جو کچھ کیا، وہ تاریخ کا حصہ ہے ۔ بڑے ظالمانہ پر تشدد ، قانون اور حکومت کا سہارا لے کر 83000 بودھ ویہاروں کو اور بودھسٹوں کو صفحہِ ہستی سے مٹا دِیا۔ وہی حال اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔ اس کی ابتداء ہوچکی ہے۔ اس کو روکنے کا آسان طریقہ دوست اور دشمن کی پہچان کی جائے۔ دوست اور دشمن کو پہچاننے کا فارمولہ ، دستور کے پریمبل میں موجود ہے۔ جو مساوات ، بھائی چارہ ، انصاف پر مبنی سماج کی تشکیل چاہتا ہے وہ ہمارا دوست ہے۔ جو اس نظریہ کو نہیں مانتا وہ ہمارا دشمن ہے۔ اسی نظریہ کو بنیاد بناکر ہم کوسیاسی جماعتوں ، سماجی تنظیموں ، مذہب اور شخصیات کو جانچنا ہوگا۔
اور عام رویہ سے ہٹ کر جیسے دلت بھروسے کے نہیں ہیں، بی سی (پسماندہ طبقات) برہمنوں کے پٹھو ہیں۔ ایس ٹی (قبائل ) ناسمجھ ہیں۔ ان باتوں کو چھوڑ کر ان سب کو غلامی کا احساس دِلانا ہوگا۔ بابا صاحب امبیڈکر نے کہا تھا، ’’غلاموں کو غلامی کا احساس دِلا دو، وہ خود بغاوت کر دیں گے ‘‘اگر یہ کام کرنے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں تو 1947؁ء کے بعد کے غلام (مسلمان)، اور ہزاروں سال پہلے کے غلام (مول نواسی ) ایک ہوسکتے ہیں۔ اتحاد بین المظلومین قائم ہوسکتا ہے۔ اور یہی اتحاد ہماری بقا کا ضامن ہے۔ اتحاد کی بنیاد کیلئے دشمن مشترکہ ہو، اور مسائل مشترکہ ہوں ، تو اشتراک واتحاد آسانی سے قائم ہوگا۔ اور ہم چھوٹے چھوٹے مسائل پر بڑے مقصد کے
لئے کام کرنا ہوگا۔ یہی یوم جمہوریہ کا پیغام ہے۔ گر سمجھیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سید مقصود
صدر راشٹریہ مسلم مورچہ ، دہلی
پتہ:۔ سید مقصود ، مکان نمبر 2-1-204، این جی اوز کالونی ، ظہیرآباد ،ضلع سنگاریڈی ۔ تلنگانہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے