جونپور،27 فروری (نامہ نگار): گزشتہ شب مدرسہ اسلامیہ امداد العلوم، چیونٹہی میں سالانہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مدرسہ کے طلبہ نے نہایت خوبصورت انداز میں تلاوتِ قرآن، نعتِ رسول ﷺ اور ایک دلچسپ مکالمہ پیش کیا۔ مجلس کا آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا، جس کے بعد مفتی ابو رافع اعظمی نے نعتِ پاک پیش کی۔ اجلاس کی نظامت مفتی ابو شحمہ ظلی نے کی۔ خصوصی مقررین مولانا احمد سکندر صاحب اور مولانا انور داؤدی صاحب نے ایمان افروز بیانات فرمائے۔ مولانا انور داؤدی صاحب نے اپنی تقریر میں اس بات پر زور دیا کہ لوگ بعض اوقات ایک سنت کو اپناتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ کئی منکرات کا ارتکاب کر بیٹھتے ہیں۔ وہیں مولانا احمد سکندر صاحب نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس کے ذریعے معاشرے کی بہتری کے نکات بیان کیے۔
اس موقع پر مدرسے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا، جس سے بچوں میں مزید حوصلہ اور شوق پیدا ہوا۔ اجلاس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ڈاکٹر مدبر الملک چیونٹہی (مقیم حال: اعظم گڑھ)، ڈاکٹر محمد آصف (عتیقہ میموریل ہاسپٹل سرائے میر)، اور ذاکر حسین (بانی: الفلاح فاؤنڈیشن بلڈ ڈونیٹ گروپ) شریک ہوئے۔
آخر میں ناظمِ مدرسہ مولانا محمد عاقب نیاز، محمد عاطف و دیگر منتظمین نے تمام مہمانوں، علماء کرام، والدین، اور شرکائے مجلس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ یہ اجلاس روحانی و تعلیمی اعتبار سے نہایت کامیاب رہا اور سامعین نے علماء کے خطابات سے بھرپور استفادہ کیا۔
