(تراویح میں ختم قرآن کے موقع پر مفتی محمد جنیدقاسمی خطاب کرتے ہوئے)
جامعۃ الفلاح کجگواں میں تراویح کا پہلا دورمکمل
بانگرمئو(نامہ نگار ، ۹؍مارچ): گزشتہ شب حافظ محمد راحت نے مدرسہ جامعۃ الفلاح کجگواں میں تراویح میں قرآن پاک کا دور مکمل کیا، تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں تراویح میں قرآن پاکے دورکی تکمیل کاسلسلہ شروع ہوچکاہے، گزشتہ شب حافظ محمد راحت علی ولد راشد علی عرف باون کے تراویح میں قرآن پاک کی تکمیل کے موقع پر مفتی محمد جنید قاسمی استاذ مدرسہ عربیہ مفتاح العلوم گنج مرادآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہ ماہ رمضان میں قرآن کریم نازل کیا گیا ہے۔اسی وجہ سے ماہ رمضان کا قرآن کریم سے ایک خاص ربط اور تعلق ہے۔ روزہ دار دن میں اس کی تلاوت کرتا ہے اور رات میں تراویح ونوافل میں اس کی سماعت وقرأت کا اہتمام کیا جاتاہے؛ چنانچہ پورے رمضان المبارک میں تراویح میں کم سے کم ایک قرآن ختم کرنا مسنون ہے۔ مزید انہوں نے کہا یہ ماہ مبارک حفاظ کے لئے اللہ کی ایک بڑی عظیم نعمت ہے۔ عموماً حافظ قرآن حفظ سے فراغت کے بعد کاروباری دنیا اور دیگر علمی و کسبی مشغولیات میں مصروف ہونے کی وجہ سے پابندی سے دور نہیں کرپاتا ۔اور یہس خدشہ پیدا ہونے لگتا ہے کہ کہیں قرآن کریم اس کے سینہ سے نکل نہ جائے کہ اچانک رمضان المبارک آجاتا ہے،اور اس کو محراب سنانے کی فکر ہر طرح کی مصروفیات سے بے نیازکرکے قرآن کریم کو یاد کرنے،محفوظ کرنے اور پھر اس کو سنا نے کی جدوجہد میں لگا دیتی ہے حتی کہ وہ پھر قرآن پر قابو یافتہ ہو جاتا ہے۔
ناظم مدرسہ مولوی شفاعت علی نے ختم قرآن کے موقع پر حافظ راحت کوگلے لگاکر مبارک باد پیش کی اور حاضرین کا شکریہ اداکیا، اس موقع پر ادریس علی،حافظ توقیر علی،حافظ محمد افشان، منگو، محمد اسلم، محمد صفی،محمد فرمان علی، محمد انس، محمد اخلاق،حافظ محمد ہارون، عبدالحسیب، حافظ حیات، ان کے علاوہ دیگر مصلیان موجودتھے۔
