وصی اللہ عبدالحکیم مدنی
__________________

٣١/مارچ بروز سوموار بمقام امہوا، عیدگاہ میں باشندگانِ امہوا نے بڑے تزک و احتشام اور انتہائی خوش گوار ماحول میں عیدالفطر کی نماز ادا کی، امامت وخطابت کا فریضہ ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے ناظم جناب مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے بہ حسن وخوبی انجام دیا۔
ناظم جمعیت نے اپنے مختصر مگر جامع خطاب میں سب سے پہلے مسلمانانِ عالم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسرت و شادمانی کے یہ حسین لمحات اور ساعات صرف ان فرزندانِ توحید اور دختران ملت کے لیے ہیں جنھوں نے شرحِ صدر کے ساتھ ماہ رمضان المبارک کا استقبال کیا، صیام و قیام کا اہتمام کیا، تلاوت قرآن کریم سے اپنے دلوں کو منور و مستنیر کیا، آخری عشرے کا قدر کیا، قرب الہی، تزکیہ نفس کی خاطر اعتکاف کیا، ليلة القدر کی تلاش و جستجو میں شب بیداری کیا، اللہ سے خوب گریہ و زاری اور توبہ و استغفار کیا، خوف الہیٰ سے دلوں کو سرشار کیا، حسب وسعت و طاقت صدقہ و خیرات کیا اور بغیر عذر شرعی روزہ خوروں کو بدنصیب و محروم قرار دیتے ہوئے انھیں خالص توبہ اور احتساب نفس و عمل کی گزارش کی۔
آپ نے مزید فرمایا کہ عزیزانِ ملتِ اسلامیہ! ہماری یہ عید سعید ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ ظاہری چمک دمک اور پرکشش لباس کے ساتھ اپنے اپنے دلوں کی صفائی اور نیتوں کی درستگی کا بھی خوب اہتمام کریں نیز دل کی بیماریوں و گندگیوں کے ازالہ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔
*جس طرح ماہ رمضان میں آپ کشادہ دست تھے، یتیموں، بیواؤں اور مسکینوں کا ہر ممکن تعاون کرتے تھے، اسی طرح پورے سال سماج کے ضرورت مندوں کا خیال کریں گے۔
*پنچ وقتہ نمازوں کی فرضیت واہتمام صرف ماہ رمضان المبارک کے لیے نہیں ہے، ماہ رمضان کے اختتام کے بعد فرض نمازوں کی ادائیگی میں غفلت و بے توجہی بندہ مؤمن کی شان کے خلاف ہے۔
خواتین ملت سے کہا کہ صالح معاشرہ کی تشکیل میں آپ کا اہم و نمایاں کردار ہے، آپ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں، اپنے شوہروں کی خدمت و اطاعت کریں، اپنی اولاد کو دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ کریں، ان کے روشن مستقبل کے لیے ہمیشہ فکر مند رہیں، مناسب اور دین دار رشتوں کو ترجیح دیں۔
خوش گوار زندگی کے بعض رہنما اصولوں کی جانب بھی اشارہ کیا۔
خطبہ کے اختتام پر نہایت رقت انگیز اور جامع ترین دعا فرمائی:
اے اللہ! جب تک زندہ رکھ اسلام اور توحید پر زندہ رکھ، نبی کریم ﷺ کی سنت اور صحابہ کے طریقے پر قائم رکھ اور اسی پر موت عطا فرما۔
اے اللہ! ہمیں تمام قسم کے شرک، بدعات اور فرقہ بندیوں سے محفوظ فرما۔
اے اللہ! ہماری عبادتوں کو شرف قبول عطا فرما۔
اے اللہ! ہماری عبادت گاہوں کی حفاظت فرما اور ہمارے ملک ہندوستان اور پوری دنیا میں امن و امان قائم فرما۔
اے اللہ! تمام مسلمانوں اور تمام انسانوں کو ہدایت نصیب فرما، خاص طور پر توحید اور سنت کی سمجھ عطا فرما۔
اے اللہ! ہمارے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی غیبی مدد فرما۔
اے اللہ! ظالم حکمرانوں پر اپنا قہر و غضب نازل فرما اور ان کی ظالمانہ سازشوں کو ان کی ہلاکت کا باعث بنا۔
اے اللہ! رمضان کے بعد بھی ہمیں عبادت گزاری کی توفیق عطا فرما۔
اے اللہ! مملکت توحید سعودی عرب اور حرمین شریفین کی ہر طرح سے حفاظت فرما۔ آمین!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے