بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): سعادت گنج کی سرگرم و فعال ادبی تنظیم "بزمِ ایوانِ غزل” کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان طرحی مشاعرہ استاد شاعر عاصی چوکھنڈوی کی صدارت میں مدرسہ کاشف العلوم محمد پور باہوں کے وسیع ہال میں منعقد ہوا جس میں بطور مہمانانِ سلیم ہمدم ردولوی اور اسلم سیدنپوری صاحبان نے شرکت کی، نشست کی نظامت کے فرائض آفتاب جامی نے اپنے مخصوص و مختلف انداز میں بحسن و خوبی انجام فرمائے مشاعرے کا آغاز سحر ایوبی کی نعت پاک سے ہوا اس کے بعد دئے گئے مصرع طرح
"کھیلتے کیوں ہو مرے جذبات سے”
پر باقائدہ طور پرطرحی مشاعرہ شروع ہوا، پروگرام بہت ہی زیادہ کامیاب رہا، بہت زیادہ پسندیدہ اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے۔
وقت سے پہلے ہی آ جایا کرو
یہ گزارش ہے سبھی حضرات سے
عاصی چوکھنڈوی
کیا کرو گے جو بھڑک اٹھیں گے یہ
کھیلتے کیوں ہو مرے جذبات سے
ذکی طارق بارہ بنکوی
ایک تنکا بھی نہیں چھوڑا کہیں
بحر جب باہر ہوا اوقات سے
ظہیر رامپوری
لادوا ہو جاۓ جب کوئی مرض
لو شفاء قرآن کی آیات سے
اسلم سیدنپوری
یہ مرض مجھکو دیا ھے عشق نے
میں نہیں سویا ہزاروں رات سے
سلیم ہمدم ردولوی
ہے نوازا رب نے کیا فطری جمال
پربتوں دریاؤں اور باغات سے
مشتاق بزمی
کیا زمانہ ہے جو غداری کرے
وہ نوازا جائے انعامات سے
قیوم بہٹوی
خواب، نیندیں اور دلبر کا وصال
نعمتیں کیا کیا ملی ہیں رات سے
علی بارہ بنکوی
اس میں اب انسانیت باقی نہیں
گر گیا انسان اپنی ذات سے
آفتاب جامی
جو رداۓ مکر سے تھے بند سب
کھل گئے وہ راز تحقیقات سے
شفیق رامپوری
ہے بچاتا رب مرا آفات سے
مشکلیں ٹل جاتی ہیں صدقات سے
مصباح رحمانی
جگمگا اٹھا ہے یہ سارا جہاں
روشنی نکلی ہے جب ظلمات سے
راشد رفیق
ہر مسرت ہر خوشی دے گا وہی
ہے یہی امید اس کی ذات سے
سحر ایوبی
وہ قریب آنے لگے ہیں اب مرے
تھی قرابت جن کو میری ذات سے
عاصم اقدس
ہم کو چھوٹی سی خوشی بھی ہے بہت
ہم گزر کر آئے ہیں صدمات سے
ابوذر انصاری
ان شعراء کے علاوہ اثر سیدنپوری، کلیم طارق، راشد ظہور، نعیم سکندر پوری، ارشد عمیر صفدر گنجوی، نازش بارہ بنکوی اور طالب نور نے بھی اپنا اپنا طرحی کلام سنایا اور شعراء و سامعین سے خوب داد و تحسین حاصل کی سامعین میں ماسٹر محمد وسیم، ماسٹر محمد قسیم، ماسٹر محمد حلیم اور ماسٹر محمد راشد کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں۔
"بزمِ ایوانِ غزل” کا آئندہ ماہانہ طرحی مشاعرہ مندرجہ ذیل مصرع طرح
"دردِ تنہائی میں ہوتا ہے اثر شام کے بعد”
قافیہ :- اثر
ردیف:- شام کے بعد
پر بتاریخ 25/ مئی کو اپنے مقررہ مقام آئیڈیل انٹر کالج میں ہوگا۔
