ظہیرآباد19/مئی(مشرقی آوازجدید): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے جاری کردہ وقف بچاؤ دستور بچاؤ مہم کے ضمن میں اجلاس عام بعنوان "وقف بچاؤ دستور بچاؤ "شعور بیداری پروگرام کا بعد نماز مغرب بروز اتوار کو مسجد موسی نگر میں انعقاد عمل میں آیا۔جسکی سرپرستی الحاج سید شاہ افسر پاشاہ قادری صاحب صدر تنظیم اہل سنت والجماعت ظہیرآباد نے کی اور جناب محمد جمیل احمد صاحب صدر مسجد موسی نے اس جلسے کی صدارت کی۔
اس احتجاجی جلسہ کو مہمان خصوصی حضرت سید احمد غوری صاحب نائب شیخ الماقولات جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے خطاب کیا۔ اور کہا کہ یہ ترمیمی بل نہ صرف مسلمانوں کی مذہبی آزادی اور وقف جائیدادوں پر حملہ ہے۔ بلکہ آئینِ ہند کے بنیادی اصولوں کے بھی منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف املاک مسلمانوں کی امانت ہوتی ہیں، جنہیں فلاحی، تعلیمی اور مذہبی مقاصد کے لیے وقف کیا گیا ہے۔ اس میں سرکاری مداخلت کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہاں اس مسجد میں جمع ہونے والے افراد نے ایک بار پھر ثابت کر دیا۔ کہ جب بات دین، قوم، اور اپنے حقوق کی آتی ہے تو تمام سیاسی، مسلکی اور نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر آیا جا سکتا ہے۔ آخر میں جناب سید شاہ فرحان قادری بغدادی نے 24 مئی 2025 بروز ہفتہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے تاریخی جلسہ عام عید گاہ میدان ظہیرآباد میں کثیر تعداد میں شریک ہو کر احتجاجی جلسہ عام کو کامیاب بنانے اور وقف ترمیمی ایکٹ 2025 کی پرزور مخالفت کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر قاضی سید ضیاء الدین امام و خطیب عید گاہ ظہیرآباد،مفتی شریف صاحب جامعہ نظامیہ، سید سیف اللہ قادری امام و خطیب مسجد موسی ،محمد سمیع الدین ایڈوکیٹ ،محمد ناظم الدین غوری ،محمد ایوب ، حافظ محی الدین ،محمد سلیم جاپان ،محمد ستار صاحب کوہیری،محمد شمس الدین رپورٹر ،محمد محبوب غوری سینیئر جرنلسٹ ،سلیم الدین قادری ،محمد نعیم،محمد برکت علی موجود تھے واضح رہے کہ محمد عظیم الدین قادری نے اس جلسہ کے انتظام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔۔۔
