بیدر ۔31 ؍مئی(شاروق حسن قادری): مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے اور جل شکتی جناب وی سومنا نے ہفتہ کے روز بیدر ریلوے اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے جاری تجدید کاری اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔یہ ترقیاتی سرگرمیاں "امرت بھارت اسٹیشن اسکیم” کے تحت انجام دی جا رہی ہیں، جس پر 24.35 کروڑ روپے کی لاگت آ رہی ہے۔ وزیر نے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ مسافروں کو سہولت میسر ہو۔وی سومنا نے اسٹیشن پر بنائے جا رہے 12 میٹر چوڑے فٹ اوور برج، لفٹ، ایسلیٹر، بْکنگ کاؤنٹر، پارکنگ ایریا اور اسٹیشن کے آس پاس کے علاقوں کی تعمیراتی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مسافروں کو دی جا رہی سہولیات، آمد و رفت کی آسانی، حفاظت اور سیکیورٹی سے متعلق انتظامات پر بھی افسران سے رپورٹ طلب کی۔وزیر نے تاکید کی کہ یہ ترقیاتی کام عوامی بھلائی کے لیے اہم ہیں، اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران مسافروں کو کسی قسم کی دقّت نہ ہو۔اس سے پہلے انہوں نے سکندرآباد ریلوے ڈویڑن کے تحت نگم پلی-بیدر سیکشن میں "ونڈو ٹریلنگ انسپکشن” بھی انجام دیا۔اس موقع پر کئی معزز شخصیات موجود تھیں جن میں ایم پی بیدر ساگر کھنڈرے، ریاستی وزیر برائے بلدیہ و حج جناب رحیم خان، بیدر جنوب کے ایم ایل اے ڈاکٹر شیلندربیلداڑے، ہمناآباد کے ایم ایل اے ڈاکٹر سدلنگپا این پاٹل، بسواکلیان کے ایم ایل اے شرنو سلگر اور سابق وزیر بنڈپا قاسم پور سمیت مقامی قائدین اور سرکاری افسران شامل تھے۔
