سمریاواں سنت کبیر نگر: ترقیاتی مرکز سمریاواں ضلع سنت کبیر نگر کے مدرسہ تجوید القرآن رکسا کلاں میں جشن آزادی کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت محب الرحمان قاسمی نے کی اور نظامت کے فرائض سلمان احمد قاسِمی نے انجام دئے۔ جبکہ ماسٹر عبدالمعز نے پرچم کشائی کی۔
محب الرحمان قاسمی نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ جب انگریزوں کا ظلم بڑھا تو علماء کرام اس سیلاب کے آگے سدسکندری بن کر ڈٹ گئے۔ سینوں پر گولیاں کھائیں۔ سولی پر چڑھائے گئے۔ زندہ جلائے گئے۔ اندھیری کوٹھریوں میں قید کئے گئے۔ کالاپانی بھیجے گئے۔ لیکن آزادی کی شمع بجھنے نہ پائی۔ تحریک آزادی کمزور نہ ہونے پائی۔ اور ہندو مسلم سب نے کاندھے سے کاندھا ملا کر ظالم طاقت کے خلاف ایک ایسی مہم چھیڑدی کہ انگریزوں کے چھکے چھوٹ گئے۔ بالآخر انگریزوں کو ہندوستان چھوڑنا پڑا۔ آخر میں سیٹھ جاوید احمد چودھری نے طلبہ واساتذہ اور آئے ہوۓ مہمانوں میں شیرینی تقسیم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر اسفار الحق،حاجی محمد یونس، عبد الغفار، ماجد علی، شمشاد احمد، محمد معین، نوشاد احمد، اخلاق احمد مظاہری، ابوالحسن قاسمی، عبد القیوم، نیاز احمد سمیت کثیر تعداد میں عوام اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔
