سہارنپور 29 اگست (احمد رضا): مغربی یوپی کے سہارنپور میں واقع لڑکیوں کی عظیم دینی درسگاہ جامعۃ الطیبات میں آج سیرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان سے دینی،تعلیمی،اصلاحی اور تبلیغی اجلاس عام منعقد ہوا جس کی صدارت جامعہ ہذا کے ناظم حضرت مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے فرمائی اجلاس عام کا آغاز خوشنما اسلام نے قرآن پاک کی تلاوت اور یاسمین عالم نے نعت پاک سے کیا اجلاس عام کی صدارت فرما رہے مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہو تو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم پر چلنا ہوگا اور ایک ایک سنت پر مضبوطی کے ساتھ عمل کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو پوری کائنات کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے ہمیں بھی رحمت کا پیکر بننا چاہیے ہمیں چاہیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق کو اپنائیں، ان کی سیرت کو پڑھیں، لوگوں سے نرمی، محبت، اور اخلاق سے پیش آئیں اور عدل و انصاف قائم کریں۔
مولانا بلند شہری نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی صرف نماز اور روزے تک محدود نہیں بلکہ ان کی رحمت،شفقت،انصاف،صبر،محبت یہی اصل پیغام ہے ہمیں دنیا وآخرت میں کامیابی کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی نسلوں کو دینی تعلیم ضرور دلائیں۔
مولانا بلند شری نے کہا کہ ہم سیرت پاک کے پروگرام شہر واطراف شہر کے سبھی علاقوں میں کرائیں گے تاکہ ہماری نسلیں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے واقف ہو سکیں۔
جامعہ کی معلمات و طالبات کے ذریعے خواتین میں بھی لگاتار یہ پروگرام کرائے جائیں گے انہوں نے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے اور نبی پاک کی سیرت سے سبق حاصل کرنے اور نبی پاک کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
اجلاس عام میں ماہرہ نفیس ادیبہ عالمگیر شفاء آفتاب ثناء مستقیم وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔
نظامت کے فرائض اقراء شہزاد نے بحسن و خوبی انجام دیے،اجلاس عام کے اختتام پر مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے ملک و ملت کے لیے امن و امان کی دعا کرائی۔
