بیدر۔ 11؍ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): راشٹریہ اہندا سنگٹھن کے یوتھ ونگ نے مطالبہ کیا ہے کہ اوراد تعلقہ میں کئی سال سے کام کر رہے تعلقہ ہیلتھ آفیسر کا فوری طور پر دوسری جگہ تبادلہ کیا جائے۔
یوتھ ونگ کے عہدیداروں نے جمعرات کو بنگلورو میںوزیر صحت کو تحریر کی گئی شکایت (اور ڈیمانڈ) کو محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ہرش گپتا، صحت اور خاندانی بہبود کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے شکایت کی کہ تعلقہ ہیلتھ آفیسر، تعلقہ چیف میڈیکل آفیسر، چنتاکی، وڈگاؤں پی ایچ سی ایڈمنسٹریٹو آفیسر کے عہدے ایک ہی شخص کے پاس ہیں۔تعلقہ ہیلتھ آفیسر قصبے میں ایک پرائیویٹ اسپتال چلا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وہ سرکاری اسپتال میں آنے والے مریضوں کو اپنے اسپتال جانے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ اوراد پبلک ہسپتال میں نرسوں کو ہر ایک ڈیلیوری کے لیے 4؍ہزار روپے مل رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ تعلقہ ہیلتھ آفیسر اس سے آگاہ ہونے کے باوجود نظر اندازکررہے ہیں۔ ہسپتال میں خون کے ٹیسٹ کے لیے عوام سے فیس وصول کی جا رہی ہے۔ پوسٹ مارٹم روم میں بجلی کا کنکشن نہیں ہے اور کہیں پر بھی صفائی نہیں ہے۔یوتھ یونٹ کے ریاستی صدر لکشمن ایس دیوکٹے، تعلقہ صدر سچن میترے، دیگر یوتھ قائدین میں جانسن گھوڑے، رتن دیپ کستورے، ببلو، ایم ڈی ارشاد اور دیگر موجود تھے۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ جاری کرکے دی گئی ہے۔
