بیدر؍26ستمبر(شاروق حسن قادری): ضلع بیدر کے اوراد (بی) پولیس تھانے کی حدود میں ایک مکان اور گودام پر چھاپہ مار کر بغیر کسی اجازت نامہ اور حفاظتی اصولوں کے، غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے تقریباً 32,180 روپے مالیت کے پٹاخے ضبط کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ضلع کے ایس پی پردیپ گْنٹی نے ایک پریس بیان کے ذریعے دی۔پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ اوراد (بی) ٹاؤن میں ایک مکان اور گودام میں غیر قانونی طور پر پٹاخے ذخیرہ کیے گئے ہیں۔ اطلاع کی بنیاد پر ایس پی کے حکم پر ایڈیشنل ایس پی چندرکانت پجاری، ڈی ایس پی پواد شیٹی اور پی ایس آئی رینوکا کی قیادت میں پولیس ٹیم نے بدھ کے روز چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران، ٹیچر کالونی میں واقع مکان اور گودام سے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے 32,180 روپے کے پٹاخے برآمد کیے گئے اور تین ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ایس پی نے عوام کو متنبہ کیا کہ بغیر اجازت کے کسی بھی دکان، مکان یا گودام میں پٹاخے ذخیرہ یا فروخت کرنا غیر قانونی ہے۔ پٹاخے فروخت کرنے کے لیے متعلقہ محکموں سے NOC حاصل کرنا لازمی ہے اور صرف مجاز مقامات پر ہی ذخیرہ اور فروخت کی اجازت ہے۔ اگر کوئی شخص حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرے اور اس کے نتیجے میں جانی یا مالی نقصان ہو تو اس پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس سلسلے میں اوراد (بی) پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

