ریاض (پریس ریلیز): زندہ لوگوں کی پہچان یہ ہے کہ وہ متحرک اور فعال ہوتے ہیں اور ان کا کوئی ہدف ہوتا ہے- تنظیم کی فلاح وبہبودی کے لیے عہدیداران کا اعادہ ضروری ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے اسی کے پیش نظر (2027-2025) نومنتخب کابینہ کی تشکیل عمل میں آئی- اس موقع پر صدر محفل عبدالاحد صدیقی جو پوروانچل ویلفیر ایسوسی ایشن کے صدر ہیں ، نے رفاہی کاموں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے عرض کیا کہ اسی میں ہماری کامیامی اور قلبی سکون مضمر ہے- مہمان خصوصی انجینئر غفران احمد نے سابقہ کابینہ کے دوسالوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تنظیم کی فلاح و بہبودی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا مزید اظہار خیال کرتے ہوئے عرض کیا کہ خوشحال زندگی کے لیے تجارت کی طرف پیش رفت ضروری ہے- مہمان اعزازی ڈاکٹر نعیم الحق نے اللہ کے رسول صلی االلہ علیہ وسلم کی سیرت کا حوالہ پیش کرتے ہوئے عرض کیا کہ آپ لوگوں کے لیے نفع بخش تھے ہمیں بھی سماج ، سوسائٹی اور عوام الناس کے لیے ہر وہ ممکن کام کرنا چاہیے جس سے ایک بہتر معاشرہ کی تشکیل ہو۔

حافظ عبدالصمد سلفی کی تلاوت کلام اللہ سے پروگرام کا آغاز ہوا- بعدہ علاء الدین اسد بلرام پوری نے نعت پیش کی- اس کے بعد سابقہ کابینہ (2025-2023) نے نومنتخب کابینہ (2027-2025) کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ان کے حوالہ کیں- ڈاکٹر عبدالاحد چودھری (حالیہ صدر) نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سامعین کا شکریہ ادا کیا نیز اپووا کے اغراض ومقاصد کو بیان کرتے ہوئے سابقہ صدور ، مجلس عاملہ اور ایڈوائزی ممبران کی کارکردگی کو سراہا- آوٹ گوئنگ صدر حافظ زہیر احمد نے دو سالہ روداد پیش کی، نئی کابینہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ہر ممکن تعاون کا اعلان کیا- نئی کابینہ میں انجینئر عبدالمعین خان سرپرست ، ڈاکٹر عبدالاحد چودھری صدر ، عبدالرحمن راشد عمری نائب صدر ، سراج عالم زخمی جنرل سکریٹری ، فیروز کمال جوائنٹ سیکریٹری اور عبدالرب خان کو ٹریزرر کی ذمہ داری دی گئی نیز اس موقع پر سابقہ عہدیداران کی میمنٹو سے تہنیت کی گئی- عبدالرحمن راشد عمری نے نعت سے محفل کو مزید خوش گوار بنا دیا۔

ڈاکٹر عبدالرحیم خان جو وطن عزیز ہندستان کا مستقل سفر کرنے والے ہیں، ریاض کی اپنی پندرہ سالہ زندگی کا ذکر بڑے ہی خوب صورت انداز میں پیش کرتے ہوئے عرض کیا کہ میں احباب اپووا کا شکرگذار ہوں جن کی بدولت میری زندگی بڑی پرسکون اور مسرت و شادمانی سے بھری ہوئی تھی۔ ایک یادگاری شیلڈ ڈاکٹر عبدالرحیم خان کی بے لوث خدمات پر انہیں پیش کیا گیا- سراج عالم زخمی (جنرل سکریٹری) نے بحسن وخوبی اپنے اچھوتے انداز میں نظامت کے فرائض انجام دیے-

اس موقع پر شہر ریاض کی علی گڈھ، جامعہ، سلفی، قاسمی، ندوی اور فلاحی برادری کی ایک بڑی تعداد موجود تھی نیز ارشاد احمد خان، شیخ منصور احمد مدنی ، محمد عرفان، عبدالمبین ندوی، ڈاکٹر فاروق، ڈاکٹر معروف ، محمد اکمل، ابو المؤثر ندیم، محمد یعقوب، محمد شاہد خان ، شیخ عبدالکریم مدنی ، سعیداللہ اور وسیم انصاری وغیرھم موجود تھے- پروگرام کے اختتام پر فیروز کمال جوائنٹ سکریٹری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور عشائیہ کی دعوت دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے