حضرت حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب، حضرت مولانا سید سمیع اللہ صاحب قاسمی و دیگر علماء اکرام کی روح پرور تقاریر

 نظام آباد 4/اکتوبر(مشرقی آواز جدید): جمعیتہ علماء بودھن ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام جلسۂ سیرت النبی ﷺ بتاریخ 4 اکتوبر 2025ء بروز ہفتہ بعد نماز عشاء بمقام ثناء پیالیس فنکشن ہال، رنجل بیس میں نہایت شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا۔ جلسہ کی صدارت حضرت مولانا سید سمیع اللہ صاحب قاسمی (صدر جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد) نے فرمائی۔
جلسہ کا آغاز حافظ و قاری عبدالوھاب صاحب(جوائنٹ سیکریٹری جمعیتہ علماء بودھن و امام مسجد عینی) کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد مولانا سید ثناء اللہ صاحب* اور ریاست تلنگانہ کے معروف نعت گو شاعر مولانا پیر عبدالوہاب عمیر قاسمی صاحب (حیدرآباد) نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے نذرانے پیش کیے۔
بعد ازاں حضرت مولانا لئیق احمد صاحب قاسمی (امام و خطیب جامع مسجد شکر نگر) نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی اور اثرانگیز خطاب فرمایا۔ انہوں نے فرمایا کہ "اللہ سے ڈرو، اپنے ایمان کو مضبوط کرو، اور حضور ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اختیار کرو۔ انھوں نے اکابرین و بزرگانِ دین کے واقعات کے ذریعے ایمان افروز نصیحتیں پیش کیں۔
حضرت حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ) نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ
آج بہت سے لوگ صرف زبان سے نبی ﷺ کی محبت کا دعویٰ کرتے ہیں، مگر حقیقی محبت یہ ہے کہ ہم نبی کے سچے عاشق بن جائیں۔ صرف ،،آئی لو محمد ﷺ،،کا نعرہ کافی نہیں، بلکہ محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم ان کی ایک ایک سنت کو زندہ کریں، ان کے طریقے پر چلنے کا عزم کریں۔
انہوں نے خصوصاً تاکید کی کہ دعاؤں کے پڑھنے کا اہتمام کریں اور جنہوں نے اب تک اپنے چہرے پر داڑھی جیسی عظیم سنت کو زندہ نہیں کیا، وہ آج ہی اس کا ارادہ کریں۔
صدرِ جلسہ حضرت مولانا سید سمیع اللہ صاحب قاسمی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ
ہم نے نبی کریم ﷺ کے مقام و مرتبہ کو ابھی تک صحیح طرح نہیں پہچانا۔ اگر ہم ان کے مقام کو جان لیتے تو اپنی پوری زندگی انہیں کے تابع ہوکر گزارتے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیرتِ نبوی ﷺ کا مطالعہ ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے تاکہ وہ نبی ﷺ کے حقیقی مقام اور ان کی تعلیمات کو سمجھ سکے۔
مزید فرمایا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے، ہمیں ان کی سنتوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے، اور جمعیتہ علماء کے تاریخی کردار و دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔
جلسہ کے اختتام سے قبل حافظ محمد عقیل الدین انجینئر (جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء بودھن) نے کلماتِ تشکر پیش کیے۔ نظامت کے فرائض مولانا عاطف ایوبی صاحب (استاذ ادارہ مظہر العلوم) نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
جلسہ کے موقع پر حافظ افسر صاحب (صدر جمعیتہ علماء بودھن)، مولوی سید تنویر حسین صاحب (سکریٹری جمعیتہ علماء بودھن) اور دیگر اراکینِ منتظمہ نے مہمانانِ کرام کا پرتپاک استقبال کیا۔
جلسہ کا اختتام حضرت مولانا کبیر الدین صاحب (جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء آرمور) کی دعائے خیر پر ہوا۔
اس موقع پر مفتی رفیق ذاکر صاحب پرکٹ، مفتی عبدالماجد صاحب چندور، مفتی عبدالرحمن صدیقی صاحب پرکٹ، مولانا صابر صاحب مفتاحی ویلپور، حافظ افضل صاحب کنداکرتی، حافظ اکرام صاحب کنداکرتی، مولانا محمد بن خالد صاحب، مولانا سید ثناء اللہ صاحب، مولانا عبدالناصر صاحب، حافظ عتیق صاحب، حافظ عبدالولی صاحب، عبداللہ صاحب انجینئر، حافظ واصف صاحب اور ضلع نظام آباد کے دیگر اراکینِ منتظمہ نے شرکت فرمائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے