ظہیرآباد 12/اکتوبر (نمائندہ): جناب مفتی محمد عبدالصبور قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ الحمد للّٰہ! جمعیت علماء ضلع سنگاریڈی کے انتخابات بخیر و خوبی مکمل ہو چکے ہیں، اور اس دوران کل 17 فعال یونٹس کا قیام عمل میں آیا ہے۔ ضلع کے گوشوں میں جمعیت کے دینی، علمی اور تنظیمی کام میں نئی روح پھونکی گئی ہے، اور تمام یونٹس پوری توانائی کے ساتھ دعوت و تربیت کے مشن میں سرگرم عمل ہیں۔
اسی جذبے اور استقامت کو مزید مستحکم بنانے، اور آئندہ کے دعوتی و تنظیمی منصوبوں پر فکری اور عملی مشاورت کے لیے، جمعیت علماء ضلع سنگاریڈی کے زیر اہتمام اور جامعہ گلشنِ خیرالنساء کے انتظام میں ایک ضلعی سطح کا تربیتی و تنظیمی مشاورتی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔
 مہمانِ خصوصی میں عالم اسلام کی بلند مرتبہ شخصیت، محدث کبیر حضرت مولانا سلمان صاحب بجنوری دامت برکاتہم (نائب صدر جمعیت علماء ہند، استاذِ حدیث و تفسیر ازہرِ ہند، ام المدارس دارالعلوم دیوبند) ہیں جبکہ خصوصی شرکت محترم اور فعال قائد، حافظ پیر خلیق احمد صابر صاب (جنرل سکریٹری، جمعیت علماء تلنگانہ) ہوگی۔
یہ اجلاس حضرت مولانا عتیق احمد صاحب قاسمی دامت برکاتہم (سرپرستِ اعلیٰ، جمعیت علماء ضلع سنگاریڈی) کی سرپرستی میں اور حضرت مولانا مفتی علیہ اسلم سلطان صاحب قاسمی دامت برکاتہم (صدر، جمعیت علماء ضلع سنگاریڈی) کی زیرِ نگرانی منعقد ہوگا۔
اجلاس کے اہم اور مرکزی موضوعات میں جمعیت علماء کی تاریخِ قیام اور عظیم مشن، جمعیت کے مختلف شعبہ جات کا تعارف، استحکام اور فروغ، موجودہ ملکی و ملی حالات میں جمعیت کی حکمت عملی اور پالیسی، آئندہ کے تنظیمی منصوبے اور عملی حکمتِ عملی شامل ہیں۔
تاریخ و وقت بروز ہفتہ، 18/ اکتوبر 2025ء دوپہر 1:00 بجے تا 4:00 بجے  مقام جامعہ گلشنِ خیرالنساء، ای ڈی ایس ایم ٹی کالونی، شانتی نگر، ظہیرآباد نمازِ ظہر اور ظہرانے کا انتظام دوپہر 1:00 بجے تا 2:00 بجے رہے گا۔ اس کے بعد 2:00 بجے اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوگا، اور ان شاء اللہ دو گھنٹوں میں پروگرام مکمل کر لیا جائے گا۔
یہ اجلاس جمعیت علماء ضلع سنگاریڈی کے مستقبل کے تنظیمی و عملی منصوبوں کے لیے ایک سنگِ میل اور فیصلہ کن موقع ہے۔
تمام یونٹس کے صدور، جنرل سیکریٹری حضرات، اراکینِ منتظمہ، اراکینِ عاملہ اور مدعوینِ خصوصی جمیع علماء وحفاظ سے پوری نیک نیتی اور اخلاص کے ساتھ درخواست ہے کہ اس اجلاس میں شرکت فرما کر جمعیت کے استحکام، اتحاد اور دعوتی مشن میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے