ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ذمہ داران اور ممبران کے لیے آج ایک خوشگوار اور بابرکت موقع تھا، جب ناظم ضلعی جمعیت کی دعوت پر عروس البلاد ممبئی عظمی سے حافظ مجیب الرحمن ریاضی، امام و خطیب مسجد امانی، تکیہ امانی شاہ، بھیونڈی اور معلم دینیات، رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول، بھیونڈی، ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے صدر دفتر پر آئے اور اپنی خوشی و مسرت کا اظہار کیا۔

عزیز مہمان نے سب سے پہلے جمعیت کی لائبریری اور دیگر علمی و انتظامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد جمعیت کے ممبران اور اراکین سے ملاقات ہوئی، جس میں جماعت اور جمعیت کے دعوتی و علمی کاموں، مقامی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

جمعیت کی مسلسل دعوتی و تبلیغی کاوشوں، تصنیفی و تالیفی اور رفاہی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

حافظ مجیب الرحمن ریاضی نے اپنے تجربات اور قیمتی مشوروں سے شرکاء کو رہنمائی فراہم کی اور انہیں مزید فعال اور منظم انداز میں دینی کام جاری رکھنے کی ترغیب دی، دوران گفتگو انھوں نے ازراہ تذکیر یاد دلایا کہ افراد جماعت کو جمعیت سے جوڑنے کی تحریک چلائی جائے۔

ملاقات کے دوران نوجوانوں کی تربیت، دینی تعلیم و تربیت کے پروگرام، اور مقامی کمیونٹی کی فلاح و بہبود جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔ شرکاء نے اپنی ذمہ داریوں اور آئندہ کے منصوبوں کے حوالے سے قیمتی مشورے سنے اور نئے جوش و جذبے کے ساتھ اپنی خدمات میں اضافہ کرنے کا عزم کیا۔

ناظم ضلعی جمعیت نے اپنے عزیزمہمان کی پرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام کیا، جس سے تمام شرکاء اور مہمان دونوں مسرور ہوئے۔ اس ملاقات نے نہ صرف موجودہ منصوبوں کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کیا بلکہ آئندہ کے تعاون، منصوبہ بندی اور مشترکہ حکمت عملی کے لیے بھی رہنمائی کا سبب بنی۔

شرکاء نے ممبئی سے آئے عزیز مہمان کی آمد کو یادگار اور مفید تجربہ قرار دیا اور اسے ضلعی جمعیت کی ترقی، اتحاد اور دینی خدمات کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھا۔ یہ موقع ضلعی جمعیت کے تمام ارکان کے لیے حوصلہ افزائی اور تحریک کا باعث بنا، اور سب نے عزم کیا کہ علم و عمل کی راہوں میں مزید جدوجہد اور خدمت کو جاری رکھا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے