ظہیرآباد 19/نومبر(مشرقی آواز جدید): ضلع پریشد ہائی اسکول مرپلی کے طلبہ نے جشنِ اردو میں شاندار مظاہرہ کیا۔ ہیڈ ماسٹر اے رامیشور کے مطابق، برجستہ تقریر کے مقابلے میں جماعت نہم کی طالبہ شائستہ نے انعامِ اول حاصل کیا، جبکہ نمرا، عائشہ، نورین اور جو نیر کے زمرے میں دوسرا انعام حاصل کیا۔ غزل گوئی مقابلے میں جماعت ہشتم کی طالبہ شائستہ ماہ جبین نے انعامِ اول حاصل کیا۔ مباحثہ کے جونیئر زمرے میں جماعت ہفتم کی طالبات کنیز فاطمہ اور پہلوان زویا نے اول انعام حاصل کیا۔ اسی طرح اسکٹ میں عائشہ صدیقہ، روفیہ تحمین، زینت امان، سعادیہ جمیل اور کہکشاں صدف کی ٹیم نے دوسرا انعام حاصل کیا۔ انگریزی تقریر کے مقابلے میں شائستہ نے دوسرا مقام حاصل کیا۔
واضح رہے کہ مقابلے ضلع سنگاریڈی، ضلع وقارآباد اور ضلع محبوب نگر کے اردو میڈیم کے جملہ 19اسکولوں کے لیے منعقد کیے گئے، جن کو فیڈ (FEED) نے دو دہائیوں سے تعاون جاری رکھا ہے۔ ان اسکولوں میں پڑھنے والے طلبہ کے لیے ایک دن کا "جشنِ اردو” ادبی مقابلہ جاتی میلہ، یعنی لیٹرری فسٹ، حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلینس بمقام مدگل چٹمپلی، ضلع وقارآباد میں منعقد کیا گیا تھا، جو صبح 9 بجے سے شام 4 بجکر 30 منٹ تک جاری رہا۔ یہ تقریب اردو زبان کی جادوئی خوبصورتی کو منانے اور طلبہ میں اظہارِ خیال کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔
میلے میں مختلف دلچسپ مقابلوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں ایکسٹیمپور سٹوری ٹیلنگ، پوسٹر میکنگ، غزل و نغمہ گوئی، تصویری خاکہ (کولیج)، انگریزی تقاریر (ایلوکیوشن)، ڈراما (اسکٹ)، مباحثہ (ڈیبیٹ) شامل ہیں۔ یہ مقابلے طلبہ کو اردو ادب، فنون اور تخلیقی صلاحیتوں سے جوڑنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
یہ تقریب ہیومن ڈویلپمنٹ ٹرسٹ (HDT) کے ایک اقدام کے طور (FEED) کے اشتراک سے منعقد کی گئی تھی۔ ایونٹ پارٹنرز میں بزمِ سخن اور CDPP شامل ہیں، جبکہ ایونٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری بھی انہی کے پاس تھی۔
اس کامیابی پر مر پلی کے تمام حلقوں اور اولیاء طلباء سے طلباء اور اسکول کے اسٹاف کو مبارک باد پیش کی گئی ہے۔۔۔۔
