(مولانا شبلی بہرائچی طالب علم کو انعام سے نوازتے ہوئے)
علم الٰہی اور تعلیم نبوی ہر درد کی درماں مدرسہ عماربن یاسرؓ کے زیرنگرانی ’تکمیل ناظرہ قرآن کریم و دعائیہ تقریب منعقد، بچوں کی حوصلہ افزائی
ہردوئی (محمد جنیدقاسمی) ۱۹؍نومبر: مدرسہ عمار بن یاسر کے زیرنگرانی گزشتہ شب بعدنماز مغرب ’تکمیل ناظرہ قرآن کریم وتعلیمی بیداری‘ کے عنوان سے ایک پروگرام بڑی جامع مسجد کدوری میں منعقدہوا،جس میں مولانا شبلی بہرائچی نے خطاب کرتے ہوئے کہ یہ دینی مدارس اور مکاتب نسل نوکے ایمان کی حفاظت کا بہترین ذریعہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل سندیلہ کے موضع کدوری کی بڑی جامع مسجد میں مدرسہ عماربن یاسرؓ کے زیر نگرانی ’تکمیل ناظرہ قرآن کریم و دعائیہ تقریب ‘منعقدہوئی، جس میں تین طالبات کوانعام سے نوازاگیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف لائے مولانا شبلی بہرائچی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت شہروں اور دیہاتوں کے چپہ چپہ میں کروڑوں اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کا بچھا ہوا جال جس پر اربوں روپئے سالانہ مصارف ہیں، سب صرف اسی مقصد کے لیے ہیں کہ علم کی ترویج و اشاعت سے ملک ہر اعتبار سے صحت مند اور کامیابی کی راہوں پر گامزن ہوگا اور دوسرے ملکوں پر اسے ذہنی برتری حاصل ہو گی۔لیکن یہ علوم جن کی اہمیت و عظمت مسلم، جن کی افادیت و قدر و قیمت میں دو رائیں نہیں ہو سکتیں، صرف انسانی زندگی کے مادی اور حیوانی تقاضوں کو ہی پورا کرتے ہیں، زندگی کو چین اور سکون، مسرت و طمانینت، خوشی و شادمانی، امن و آشتی سے ہمکنار کرنا ان کے اثر و تاثیر کے دائرۂ حدود سے کوسوں دور ہے۔
قبل ازیں مفتی محمد جنیدقاسمی استاذ مدسہ عربیہ مفتاح العلوم گنج مرادآباد نے تمہید ی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل سچ ہے کہ علم الٰہی اور تعلیم نبوی ہر درد کی درماں ہرمرض کے لیے مسیحا، ہر زخم کے لیے مرہم اور ہر غم کے ازالہ کے لیے ایک نسخۂ کیمیا ہے اوریہی علم مدارِنجات بھی ہے، اس لیے اس علم کی بہت ضرورت ہے اور پھر آج جبکہ مغربیت کا طوفان اور سیلاب اسلام کو خس و خاشاک کی طرح بہانے کے لیے تیار کھڑا ہے اور مادیت اپنی تمام تر دل دل فریبیوں، رعنائیوں کے ساتھ رواں دواں ہے، انسان کی عجلت پسند طبیعت جلد مادیت کے دلفریب مناظر سے مسحور ہو جایا کرتی ہے اور پانی سمجھ کر سراب کی طرف دوڑنے لگتی ہے۔مولانا وکیل قاسمی استاذ جامعہ سید احمد شہیدکٹولی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کا آغاز قاری محمد عامر قاسمی کی تلاوت سے ہوا، جبکہ نعت کا نذرانہ مولانا اخترحسین جامعی ناظم مدرسہ تفہیم القرآن اجگواں نے پیش کیا، حافظ محمد قاسم نے حمد کے اشعارپیش کیے۔
اس موقع پر مولانا یامین مظاہری ناظم تعلیمات مدرسہ محمودالعلوم سندیلہ ،مولانا مہدی حسن ندوی،قاری یوسف امام جامع مسجد کدوری،حافظ سلیم، حافظ مفید،حافظ نظیراحمد،حافظ وسیم،حافظ اسامہ،حافظ یاسر،حافظ دانش،حافظ زین العابدین، حافظ عاقل، حافظ ذیشان، حافظ ارسلان،حاجی مطیش،ثاقب،اسلم وغیرہ موجودرہے۔ناظم مدرسہ مولانا کلیم جامعی نے حاضرین کاشکریہ اداکیا، اس موقع پر انہوں نے بتایاکہ اب ۲۵؍طلبہ ناظرہ قرآن کریم مکمل کرچکے ہیں اور ایک طالب علم نے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی ہے۔ نظامت کے فرائض مفتی محمد جنیدقاسمی نے انجام دیے۔ناظرہ قرآن کریم مکمل کرنے والی تین طالبات کو انعام دیاگیا۔
