سہارنپور (احمد رضا): مدرسہ دارالعلوم رفیقہ خانقاہ ہاشمیہ سیڈکی چوک دیوبند سہارنپور میں آج ایک روزہ روحانی اجلاس بحسن و خوبی منعقد ہوا جس کی صدارت ستارت مہاراشٹر سے تشریف لائے جمعیت علماء ستارا کے صدر اور حضرت پیر ذوالفقار نقشبندی کے خلیفہ مولانا عبدالحمید قاسمی نقشبندی نے کی اجلاس کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا اور نظامت کے فرائض مولانا نفیس اسرار نے انجام دیے اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں مولانا عبدالحمید قاسمی نے ذکرِ الٰہی کی اہمیت اور اس کے روحانی و اخلاقی اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ قوموں کا اتحاد ان کی فوز و فلاح کا ذریعہ ہوتا ہے اور باہمی محبت و ہم آہنگی سے امت کے لیے ترقی و سربلندی کے دروازے کھلتے ہیں۔ اس موقع پر حضرت مولانا عبد الحمید قاسمی نقشبندی نے حضرت مولانا ہاشم قاسمی رح کے صاحبزادے قاری محمد عابد صاحب کو اجازت بیعت عنایت کرتے ہوئے دستار سے سرفراز کیا جامعہ کاشف العلوم چھٹملپور کے شیخ الحدیث مولانا حبیب اللہ قاسمی نے تعلیم کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ علم انسان کو راستہ دکھاتا ہے اور معاشرے میں روشنی پھیلانے کا بنیادی ذریعہ ہے۔
جمعیت علماء سہارنپور کے ناظم مولانا مفتی عطاء الرحمن جمیل قاسمی نانکوی نے اتحاد و اتفاق پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اُمت جس دوراہے پر کھڑی ہے اس میں باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ جدوجہد ہی ہماری اصل قوت ہے حضرت مولانا محمد اشتیاق قاسمی نے صبر کی فضیلت پر مدلل گفتگو کی جبکہ حضرت الحاج شاہ عتیق احمد (جانشین خانقاہ رائے پور) نے اسلام میں خانقاہی نظام کی تاریخی و روحانی اہمیت واضح کی۔
مولانا محمد آصف ندوی ناظم جامعہ کاشف العلوم چھٹملپور نے رزقِ حلال کی برکتوں اور اس کے اثرات پر بیان فرمایا اس کے علاوہ مولانا محمد یامین پانڑولی مفتی محمد مسعود عزیزی ندوی مولانا محمد انعام اللہ قاسمی (استاذ المعہد الاسلامی مانکمؤ) مولانا عرفان قاسمی مولانا سلیم قاسمی اوماہی مولانا سلیم ستپورہ قاری محمد عابد کاشفی (صاحبزادہ حضرت مولانا ہاشم قاسمیؒ) اور مولانا محمد عارف نے بھی اپنے اپنے موضوعات پر اظہار خیال کیا پروگرام کے کنوینر اور مدرسہ کے ناظم الحاج ماسٹر توصیف نے مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال کیا اور شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں علاقے کی سرکردہ شخصیات حاجی محمد عمر، حاجی سعید، مولانا امجد، قاری جاوید، قاری فرید، قاری محمد اعظم رحمانی، قاری عبد الخالق، حاجی داؤد، حاجی مبین، حاجی پرویز، محمد تحقیق، محمد تنویر ماسٹر شہزاد قاری شاہنواز قاری امجد سمیت مدرسہ کے طلباء اور بڑی تعداد میں اہلِ علاقہ شریک ہوئےروحانی ماحول میں منعقد ہونے والا یہ اجلاس اپنے مثبت اثرات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا!
