بیدر۔26؍نومبر (محمدیوسف رحیم بیدری): شاہین ٹیلنٹ اسکول گولہ خانہ کیمپس احمد باغ بیدر میں منیار تعلیم اردو کلسٹر سطحی ادبی، ثقافتی و فنی میلہ 2025ء نہایت شاندار طریقے سے منعقد ہوا۔ اس علمی و ثقافتی محفل میں کلسٹر کے 32 مدارس جن میں سرکاری ہائیر پرئمری اسکول گولہ خانہ کے علاوہ ، سرکاری، نیم سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے علاوہ محکمہ اقلیتی بہبود سے وابستہ جماعت اول تا جماعت بارھویں تک کے طلباء وطالبات زیر نگرانی صدور مدرسین و اساتذہ ا کرام نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز جناب محمد معظم صاحب ہیڈ ماسٹر حاجی سلطان میموریل اردو اسکول کے ہاتھوں ہوا، جنہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں ایسے فنی و ادبی میلوں کی اہمیت اور طلبہ کی ہمہ جہت تربیت میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کی نگرانی اور کنوینر کی ذمہ داری جناب ظہیرالدین بابر صاحب نے نہایت احسن انداز میں نبھائی۔جلسہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب چیئرمین شاہین ادارہ جات اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر تعلیم کو سرسید ایکسی لینس ایوارڈ ملنے پر پُرجوش انداز میں تہنیت پیش کی گئی۔ ڈاکٹر صاحب نے اپنے وقیع خطاب میں تعلیم، مستقبل کی تعلیمی حکمتِ عملی، شاہین ادارہ جات کے اہداف اور ملک گیر سطح پر جاری ”تمباکو مکْت بھارت” مہم کے متعلق قیمتی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے سابقہ اردو میلوں میں شاہین اسکول کے طلبہ کی کارکردگی اور ریاستی سطح پر حاصل کردہ انعامات کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے تمام اساتذہ اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ ساتھ ہی انہوں نے سرکاری مدارس کی نمایاں خدمات کو بھی سراہا۔ تقریب میں محترمہ عفت آرا صاحبہ کو ریاستی ایوارڈ اور محترمہ اسماء آرا صاحبہ کو ضلعی ایوارڈ ملنے پر اعزاز بخشا گیا۔ اسی کے ساتھ وظیفہ یاب اساتذہ کرام اور سبھی مہمانان کو AICU کتاب اور گل پوشی کے ذریعے تہنیت پیش کی گئی، جس سے ماحول میں وقار و احترام کی خوشگوار فضا پیدا ہوئی۔
محترمہ شائستہ ناز صاحبہ ڈائریکٹر شاہین ادارہ جات بیدر نے جلسہ کی صدارت انجام دیتے ہوئے تعلیم کے فروغ میں اردو زبان کی ضرورت و اہمیت پر مدلل گفتگو کی۔ تعلقہ بیدر کے بی ای او جناب مدار خان پٹھان صاحب نے طلبہ کی مہارتوں کو سراہتے ہوئے انہیں بہترین مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کی۔ اسی طرح محترمہ نور جہاں صاحبہ (سی آر پی منیار تعلیم) نے اس ادبی و فنی میلے کے مقاصد، فوائد اور طلبہ کی شخصیت سازی میں ایسے پروگراموں کے کردار پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ دن بھر جاری سرگرمیوں میں طلباء و طالبات نے اپنی جبلی صلاحیتوں، فن، ادبی ذوق، تخلیقی اظہار اور فنی مہارت کا نہایت دل کش مظاہرہ کیا۔ تمام مقابلوں میں نظم و ضبط اور تخلیقی جوش نمایاں رہا۔ ظہرانہ میں ماہر تعلیم بطور مہمان خصوصی محترمہ مہر سلطانہ صاحبہ ڈائریکٹر نے بھی خطاب کیا۔ تمام شرکاء کیلئے ظہرآنہ کس انتظام کیا گیا تھا ، جسے تمام شرکاء نے پسند کیا اختتامی اجلاس میں کامیاب طلبہ کو محترمہ فریدہ بیگم صاحبہ, جناب محمد ریحان پاشاہ صاحب اور محمد سرفراز صاحب نے اسناد تقسیم کیے۔ آخر میں محمد مکرم صاحب نے نہایت مؤثر اور شائستہ پیرائے میں شکریہ کے کلمات ادا کرتے ہوئے تمام مہمانوں، اساتذہ، طلبہ، منتظمین اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔اس بات کی اطلاع جناب محمد شجا ع الدین نے دی ہے۔
