مارہرہ شریف/ایٹہ(پریس ریلیز) 25 نومبر 2025: دیار حافظ ملت مبارک پور میں 51 واں عرسِ حافظِ ملت علیہ الرحمۃ اور جلسۂ دستار بندی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس موقع پر جامعہ اشرفیہ مبارک پور اعظم گڑھ کے ذمہ داران اور تنظیم ابنائے اشرفیہ نے سجادہ نشین خانقاہ برکاتیہ و سرپرستِ اعلیٰ جامعہ احسن البرکات،رفیق ملت حضرت سید شاہ نجیب حیدر نوری دامت برکاتہم العالیہ کو دینی، علمی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں "حافظِ ملت ایوارڈ” پیش کیا۔ ملک بھر سے آئے علماء، مشائخ، اساتذہ، طلبہ اور زائرین کی کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔
حضرت دامت برکاتہم العالیہ صبح تقریباً سات بجے مبارک پور اشرفیہ سے مارہرہ شریف پہنچے تو حیدری چوک پر اہلِ مارہرہ مقدسہ نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ پھولوں کی برسات، خیر مقدمی نعروں اور محبت بھری آوازوں نے روحانی فضاء قائم کر دی۔ درگاہ برکاتیہ کے صدر دروازے پر طلبہ و اساتذہ نے گل پوشی اور دست بوسی کے ذریعے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
مارہرہ شریف پہنچنے کے بعد حضرت نے صاحب البرکات علیہ الرحمہ کے مزارِ اقدس پر حاضری دی اور والدۂ ماجدہ نور اللہ مرقدھا کے مزار پر فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ “یہ سب ابّا امّاں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اتنی عزتوں سے نوازا۔”
بعد ازاں جامعہ احسن البرکات کے کانفرنس ہال میں خصوصی استقبالیہ پروگرام منعقد ہوا، جس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ حمد و نعت پیش کیے گئے اور صدر المدرسین جامعہ احسن البرکات شیخ محمد عرفان ازہری دام ظلہ العالی نے سپاس نامہ پیش کیا۔ حضرت دامت برکاتہم نے اپنے خطاب میں طلبہ کو نصیحتیں فرمائیں اور تمام محبین، اساتذہ اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام صلوٰۃ و سلام پر اختتام پذیر ہوا۔
استاد گرامی قدر قاری محمد اکبر برکاتی نے حضرت کی خدمت میں منظوم ہدیہ تبریک پیش کیا اور ان کے اس شعر نے خاص طور پر داد و تحسین حاصل کیا۔
“اگرچہ شاہوں کو نہیں حاجتِ نذرِ خرداں
پھر بھی لے لیتے ہیں قائم رہے کچھ تو نسبت”
آخر میں حضرت دامت برکاتہم اور خانقاہِ برکاتیہ کے مشائخ کرام کے فیضانِ خاص کے تسلسل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مذکورہ اطلاع جامعہ احسن البرکات مارہرہ مطہرہ کے استاذ حضرت مولانا محمد نعمان صاحب واحدی احسنی مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا-
