حکومت سمیت خوشحال افراد اپنے علاقوں میں کمبل اور گرم کپڑوں کی تقسیم یعنی بنائیں۔:ذاکر حسین
اعظم گڑھ سے عبدالقادر کی رپورٹ
اعظم گڑھ، 22 دسمبر(نامہ نگار): ضلع اعظم گڑھ میں شدید سردی کے باعث ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں فٹ پاتھ پر رہنے والے ایک نامعلوم بھکاری کی شديد سردی سے موت ہو گئی۔ واضح رہے کہ اعظم گڑھ میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری سرد لہر اور ٹھنڈی ہواؤں نے عام زندگی کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے، جبکہ بے گھر اور فٹ پاتھ پر رہنے والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق متوفی بھکاری رات کے وقت فٹ پاتھ پر ہی سو رہا تھا اور مناسب گرم کپڑوں یا کمبل کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے شدید سردی کی تاب نہ لا سکا۔ صبح کے وقت جب لوگ وہاں سے گزرے تو اسے بے حرکت پایا، جس کے بعد پولیس اور ایمبولینس کو اطلاع دی گئی۔موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے اور ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
واقعہ کے بعد سماجی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ عوام اور سماجی کارکنوں بالخصوص الفلاح فاونڈیشن بانی ذاکر حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ شدید سردی کے پیش نظر انتظامیہ فٹ پاتھ پر رہنے والے بے سہارا افراد کے لیے فوری طور پر کمبل، رات گزارنے کی جگہ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرے تاکہ آئندہ ایسے دردناک واقعات سے بچا جا سکے۔
اس موقع پر سماجی کارکن ذاکر حسین نے خوشحال افراد سے اپنے اپنے علاقوں میں گرم کپڑے اور کمبل کی تقسیم کرنے کی اپیل کی ہے۔
