لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری): نئے سال کے آغاز پر سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اترپردیش اور آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے اہل وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی ترقی خشحالی، سلامتی امن، بھائی چارہ، سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے لئے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
اپنے پیغام میں ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ نیا سال ہمیں ایک نئے عزم، بہتر سماجی رویّوں، باہمی احترام اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی خوبصورتی اس کی گنگا جمنی تہذیب، مذہبی رواداری اور مشترکہ ثقافتی وراثت میں پوشیدہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہر مذہب، ہر طبقہ اور ہر کمیونٹی کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ محبت، احترام اور تعاون کا رویہ اختیار کریں تاکہ ملک ترقی، اخوت اور امن کی راہ پر مضبوطی سے آگے بڑھے۔
ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو 2047 تک خود کفیل اور ترقی یافتہ ملک بنانے کا جو عزم کیا ہے اسکے لئے ہم سب کا فرض ہے کہ ہم ملک کی ترقی و مضبوطی کے لئے اعلٰی تعلیم، قومی یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھیں۔ ڈاکٹر رضوی نے غریبوں، ضرورت مندوں اور محروم طبقوں کی مدد کرنے اور سماج کو مثبت سمت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے امید ظاہر کی کہ نیا سال 2026 عالمی امن اور ہندوستان کے لیے خوشحالی، ترقی اور خیر و برکت لے کر آئے گا۔
یہ اطلاع آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبۂ نشر و اشاعت کے سکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔
